Baseer Khan

مشیر بصیر خان نے دستکاری شعبے میں کاریگروں کو اَنعامات سے نوازا

سری نگر//لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر بصیر احمد خان نے کانفرنس ہال کشمیر ہاٹ سری نگر میں سال 2018ء کے لئے بیک لاگ ایوارڈ تقریب کی صدارت کی جس کے دوران کئی کاریگروں کو دستکاری شعبے میں اُن کی خدمات کے لئے ایوارڈ سے نوازا گیا ۔ اِس موقعہ پر مشیرموصوف نے کہا کہ جموںوکشمیر کی کاریگربرادری کی فلاح و بہبود اور معاشی ترقی کے لئے کئی اقدامات کئے جارہے ہیں۔آج کی تقسیمِ ایوارڈ کی تقریب بعنوان ’’ سنہری ہاتھوں کو خراجِ تحسین‘‘ ، سال 2018 ء کے لئے کل 1720000/-روپے 50 کاریگروں ( بشمول 8 خواتین کاریگروں ) کے درمیان تقسیم کئے گئے جن میں مومنٹوز اور توصیفی اَسناد شامل ہیں جنہوں نے سال 2015 ء، 2016 ء، 2017 ء اور 2018ء کے لئے اَپنے متعلقہ دستکاریوں سوزنی ، قالین ، پیپرماشی ، کریول ، چین سلائی میں غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ۔مشیر موصوف نے کاریگروںکو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ یہ ان کی ہنر اور صلاحیتوں کی پہچان ہے ۔ اُنہوں نے کہاکہ کاریگروں کو ایوارڈ دینا نہ صرف حوصلہ اَفزائی کی علامت ہے بلکہ کشمیر کی ہنر اور دستکاریوں کو زندہ رکھنے کے لئے اُن کی کوششوں کا اعتراف بھی ہے۔مشیر بصیر خان نے کہا کہ لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا جموںوکشمیر کے تمام دستکاری کو فروغ دینے کے لئے پُر عزم ہیں ۔ اُنہوں نے کہا کہ لیفٹیننٹ گورنر پوری دُنیا میں جموں وکشمیر کی دستکاری کو فروغ دینے کے خواہاں ہیں اور اس سلسلے میں کئی اقدامات کئے جارہے ہیں۔اُنہوں نے کاریگروں اور ہنرمندوںکو یونین ٹریٹری کے اندر اور باہر نمائشوں کے ذریعے مضبوط ہینڈ ہولڈنگ اور مارکیٹنگ سپورٹ کی یقین دہانی کرائی ۔ اُنہوں نے کہا کہ حکومت کاریگر برادری کو خود کفیل بنانے کے لئے ہرقسم کی مدد فراہم کرنے کے لئے پُر عزم ہے ۔ اُنہوں نے بیک وقت کاریگروں کی ذمہ داری کو اُجاگر کیا کہ وہ ان دستکاریوں کو محفوظ اور فروغ دیں جو کہ اَپنے طریقے سے منفرد ہیں اور باقی دنیا میں ایک مقام بنا چکے ہیں۔اُنہوں نے انوکھی ہنر کو محفوظ رکھنے پر زور دیتے ہوئے جو عالمی شہرت یافتہ شال ، پیپر ماشی ، قالین اور لکڑی کی پیداوار کا باعث بنتی ہے ۔ مشیر نے کاریگروں پر زور دیا کہ وہ ان دستکاریوں اور ہنروں کو دوسروں تک منتقل کریں تاکہ اس سے وارثت کا تحفظ اور اِن ہنروںکو فروغ مل سکے۔اُنہوں نے کاریگروں کی خدمات کے اعتراف میں اقدامات کرنے پر ڈائریکٹر ہینڈی کرافٹس اینڈ ہینڈ لوم کی بھی تعریف کی۔اِس موقعہ پر ڈائریکٹر ہینڈی کرافٹس اینڈ ہینڈ لوم کشمیر محمود احمد شاہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ کاریگر اور بُنائی سوسائٹیوں کی بہتری کے لئے اَپنی پوری کوشش کر رہا ہے تاکہ تمام سکیموں کونافذ کیا جاسکے۔کاریگروں اور بُننے والوں کے لئے کار خانہ دار سکیم ، جی آئی مصنوعات کے لئے کم از کم قیمت کی حمایت ، برآمد کنندگان کو 10 فیصد سبسڈی مراعات ، کاریگروں اور بُننے والوں کو چائیلڈ ایجوکیشن الائونس ، ویور کمیونٹی کو سٹیٹ ایوارڈ دینا ، کوآپریٹیوز کو اِنتظامی سبسڈی ، ٹرینیوں کو وظیفہ بڑھانا وغیرہ سکیمیں ہیں۔اُنہوں نے ایوارڈوں ے بارے میں تفصیلات دیتے ہوئے کہا کہ سال 2015ء کے لئے مجموعی طورپر 12 ایوارڈز اور 350000 روپے ، سال 2016ء کے لئے مجموعی طور پر 14 ایوارڈز اور انعامات کی رقم 500000 روپے ، سال 2017 ء کے لئے مجموعی طور پر 13 ایوارڈز اور 500000روپے کی رقم اور سال 2018ء کے لئے کل 11ایوارڈز اور 370000 روپے کی رقم مستحق کاریگروں میںتقسیم کی گئی ہے۔اُنہوں نے مزید کہا کہ محکمہ نے سال 2021ء کے ایوارڈ وں پیش کرنے کے لئے پہلے ہی اقدامات کئے ہیں۔