مشہور تاجر انوتین چارنویراکل بنے تھائی لینڈ کے وزیر اعظم، 492اراکین پارلیمنٹ میں سے 247نے دی حمایت

تھائی لینڈ کو آج نیا وزیر اعظم مل گیا۔ تھائی اراکین پارلیمنٹ نے مشہور سابق تاجر اور سیاسی ہستی انوتن چارنویراکل کو وزیر اعظم منتخب کیا ہے۔ وہ کووڈ وبا کے دوران تھائی لینڈ کے وزیر صحت تھے۔ چارنویراکل کو ’کینبس کنگ‘ (گانجہ کنگ) کے نام سے بھی جانا جاتا ہے، کیونکہ انھوں نے 2022 میں گانجہ کو جرم سے پاک کرنے کی حمایت کی تھی۔چارنویراکل گزشتہ ایک دہائی سے تھائی سیاست میں کنگ میکر ثابت ہوتے رہے ہیں۔ انھیں پارلیمنٹ کے ذیلی ایوان میں جیت حاصل کرنے کے لیے 247 اراکین کی حمایت حاصل ہوئی ہے۔ انھوں نے 5 ستمبر کو تھائی لینڈ کی پارلیمنٹ (ہاؤس آف ریپریزنٹیٹوس) میں اکثریت حاصل کی تھی۔ اس ایوان میں 492 فعال رکن ہیں۔قابل ذکر ہے کہ چارنویراکل رواں سال تھائی لینڈ میں منتخب کیے گئے تیسرے وزیر اعظم ہیں۔ یہاں گزشتہ 17 سالوں میں عدالت 5 وزرائے اعظم کو ہٹا چکی ہے۔ گزشتہ ہفتہ تھائی لینڈ کی عدالت نے سابق وزیر اعظم پیتونگٹارن شنواترا کو اخلاقیات کی خلاف ورزی کا قصوروار پایا تھا۔ اس فیصلے کے بعد انھیں وزیر اعظم کا عہدہ چھوڑنا پڑا اور نیا وزیر اعظم منتخب کرنے کے لیے پارلیمنٹ میں ووٹنگ کی ضرورت پڑی۔ چارنویراکل کی بھومجیتھائی پارٹی پارلیمنٹ میں تیسری سب سے بڑی پارٹی ہے۔ بھومجیتھائی نے اس ہفتہ سب سے بڑی اپوزیشن پیپلز پارٹی سے معاہدہ کیا اور ان کی حمایت حاصل کی۔ جو معاہدہ طے پایا ہے، اس میں چارنویراکل نے 4 ماہ کے اندر پارلیمنٹ تحلیل کرنے اور عام انتخاب کرانے کا وعدہ کیا ہے۔ پیپلز پارٹی کو 2023 کے انتخاب میں سب سے زیادہ ووٹ ملے تھے۔