مشہورزمانہ جھیل ڈل میں بڑے پیمانے پرصفائی مہم

مشہورزمانہ جھیل ڈل میں بڑے پیمانے پرصفائی مہم

سرینگر//زبرون اورشنکر آچاریہ(تخت سلیمان)پہاڑوں کے دامن میں واقع مشہور زمانہ جھیل دہائیوں سے مقامی سیلانیوں کیساتھ ساتھ ملکی وگیرملکی سیاحوں کی توجہ کاخاص مرکز رہاہے اورکشمیرآنے والے سیاح ضرور شکارے میں سوارہوکر جھیل ڈل کانظارہ کرکے لطف اندوز ہوتے ہیں ۔ جے کے این ایس کے مطابق حکمرانوں کی غلط کاریوں اورمتعلقہ حکام کی ناقص منصوبہ بندی سے گرچہ اب جزیرہ نما سونہ لنک اورروپ لنک پرمشتمل جھیل ڈل کاحدوداربہ یارقبہ سکڑکرمحض 18مربع کلومیٹر تک رہ گیا ہے لیکن ابھی بھی جھیل ڈل کی شان وشوکت اوراہمیت باقی ہے ۔جھیل ڈل کی سیروتفریح کیلئے آنے والے سیلانیوں اورسیاحوں کاایک اہم پڑائو ’چار چناری‘ہواکرتاتھا لیکن ڈل کے وسط میں واقع چارچناری میں موجود چنارکے چاردرختوں میں سے دوسوکھ گئے ہیں ،اوراب کم قلیل تعدادمیں ہی سیاح یہاں آتے ہیں ۔ہاں لذیذ کشمیری پکوان کھانے کاشوق ہوتوچار چناری کے دامن میں موجود ہوٹل نما ہائوس بوٹ میں یہ پکوان دستیاب رہتے ہیں ۔ڈل جھیل میں موجودہائوس بوٹ اورشکارے اپنی منفردتعمیر وآرائش کی وجہ سے ڈل کی دلکشی میں اضافے کاموجب رہے ہیں ،لیکن ڈل جھیل کے اندرکوڑا کرکٹ اورنزدیکی نالیوں وڈرینوںسے ڈالے جانے والی گندگی نے اس کی نچلی تہہ کوبھردیا ،اوریہاں مختلف اقسام کے گھاس پھوس اورپودے اُگنے لگے ۔اس گھاس پھوس اورخوردپودوں کی وجہ سے جھیل ڈل کاپانی رنگ بدلنے لگا ،اوراسے بدبو اُٹھتی ہے ،جو ڈل کی سیروتفریح کرنے والے سیلانیوں اورسیاحوںکوپریشان کرتی ہے ۔جھیل ڈل کوصاف رکھنا اہم ترین کام یاذمہ داری ہے اوراسی ذمہ داری کونبھانے کیلئے ان دنوں لیکس اینڈ واٹر ویز اتھارٹی کے افسروں نے جھیل ڈل کوگھاس پھوس ،خوردپودوں اورکیچڑ سے نجات دلانے کی ایک مہم چھیڑرکھی ہے ۔اس صفائی مہم کی نگرانی کرنے والے لائوڈا کے افسر کہتے ہیں کہ ’’جھیل ڈل جتنا صاف رہے گا،اُتنا ہی ٹھیک بھی رہے گا‘‘۔وہ کہتے ہیں کہ ہم نے جھیل ڈل کوصاف کرنے کی جومہم شروع کی ہے ،اُس کاایک مقصد یہاں سیروتفریح کیلئے آنے والے سیلانیوں وسیاحوں کوبدبواوربیماریوں سے بچانا ہے ۔متعلقہ افسرکہتے ہیں کہ ہم نے اس سیزن میں جھیل ڈل کی صفائی کرنے کیلئے 78ہزار مزدورکام پرلگانے ہیں ،اورہم روزانہ 500مزدورکام پرلگاتے ہیں ،جو مشینوں کی مددسے جھیل ڈل کے اندرموجود گھاس پھوس ،خوردپودوں اورکیچڑ کونکالتے ہیں ۔لاوڈاکے افسروں نے بتایاکہ رواں صفائی مہم کے دوران ہم نے 9.18مربع میٹر کوصاف کرنا ہے ،اورہم کام پرلگے ہوئے ہیں ۔