سری نگر//مشن ڈائریکٹر جل جیون مشن خورشید احمد شاہ نے سول سیکرٹریٹ سری نگر میں اپنے دفتر میں صوبہ کشمیر کے جل شکتی (پی ایچ ای) سرکلوں اور ڈویژنوں کے ساتھ ایک جائزہ میٹنگ طلب کیا۔یہ میٹنگ صوبہ کشمیرمیں زیر زمین پانی پر مبنی سکیموں کی پیش رفت پر تبادلہ خیال کے لئے بلائی گئی تھی۔ میٹنگ میں ہائیڈرولک سرکلز کے سپراِنٹنڈنگ انجینئروں، نارتھ اور ساؤتھ کشمیر کے میکنیکل سپراِنٹنڈنگ اِنجینئروں، سول ڈویژنوں کے ایگزیکٹیو انجینئروں اور ان کے میکنیکل ہم منصب، گراؤنڈ واٹر ڈویژن، مشن ڈائریکٹوریٹ کے ٹیکنیکل ایڈوائزر کشمیر اور دیگر اَفسران نے شرکت کی۔ایگزیکٹیو اِنجینئر گراؤنڈ واٹر ڈویژن سری نگر نے اس حوالے سے تفصیلی رِپورٹ پیش کی۔ اُنہوں نے میٹنگ کو جانکاری دی کہ زیادہ تر کامیابی سے کھودے گئے زیادہ ترٹیوب ویل متعلقہ فیلڈ ڈویژن کے حوالے کردئیے گئے ہیںجبکہ باقی الاٹ شدہ ٹیوب ویلوں پر کام جاری ہے۔مشن ڈائریکٹر نے گراؤنڈ واٹر ڈویژن سری نگرکے اَفسران کو ہدایت دی کہ وہ اِن اضلاع میں مزید ڈرلنگ رِگز تعینات کریں جہاں زمینی پانی پر مبنی سکیموں کی تعداد زیادہ ہے۔چیئرنے ایگزیکٹیو اِنجینئر گراؤنڈ واٹر ڈویژن سری نگر کو یہ بھی ہدایت دی کہ وہ ان مقامات پر رِگز اور اَفرادی قوت کو متحرک کریں جہاں سول ہم منصبوں کی طرف سے نشاندہی کی گئی نئی جگہوں پر ٹیوب ویلوں کی کھدائی کے لئے الاٹمنٹ کئے گئے ہیں۔میٹنگ کو جانکاری دی گئی کہ کچھ اضلاع میں مشینری اور عملہ تعینات کیا گیا ہے اور آنے والے ہفتوں میں مزید رِگز بھیجے جائیں گے تاکہ سردیوں کی آمد سے قبل ان ٹیوب ویلوں کو مکمل کر کے سول ڈویژنوں کے حوالے کیا جا سکے۔سول اور مکینیکل دونوں شعبوں کے سپراِنٹنڈنگ انجینئروں نے اپنے متعلقہ دائرہ اختیار میں جل جیون مشن کے نفاذ سے متعلق تجاویز پیش کیں جن پر چیئر نے اُن کا شکریہ َادا کیا اور ان کی کاوشوں کو سراہا۔










