سال2014سے ابتک انڈر گریجویٹ اور پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سیٹوں میں58ہزار کااضافہ ـ:مودی
سری نگر//وزیراعظم نریندرمودی نے ملک میں مستقبل کیلئے ایک جامع اوردُوررس نتائج کی حامل طبی تعلیم پالیسی کاخلاصہ کرتے ہوئے کہاکہ حکومت ملک کے ہر ضلع میں میڈیکل کالج یا پوسٹ گریجویٹ میڈیکل ایجوکیشن ادارے کے کاارادہ رکھتے ہوئے اس کیلئے کوشاں ہے ۔سابق میڈیکل کونسل آف انڈیاکے فیصلوں اورشفافیت کے تناظر میں وزیراعظم نے کہاکہ کوششوں اور کئی چیلنجوں کے بعد ، حکومت بالآخر ایم سی آئی کی جگہ نیشنل میڈیکل کمیشن تشکیل دے کر اصلاحات لانے میں کامیاب ہو گئی۔مانٹرینگ ڈیسک کے مطابق وزیر اعظم نریندر مودی نے جمعرات کو کہاکہ مرکزی حکومت اس بات کو یقینی بنانے کی کوشش کر رہی ہے کہ ملک کے ہر ضلع میں میڈیکل کالج ہو یا پوسٹ گریجویٹ میڈیکل ایجوکیشن کیلئے کوئی ادارہ ہو ۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ طبی تعلیم اور صحت کی خدمات کی فراہمی میں فرق کو کم کیا جا رہا ہے اور حکومت کی توجہ صحت کی دیکھ بھال کے ساتھ ساتھ آیوروید اور یوگا کو فروغ دینے پر مرکوزہے۔انہوںنے کہاکہ گزشتہ6بروں میں170 سے زائد نئے میڈیکل کالج مکمل ہو چکے ہیں اور 100 سے زائد نئے میڈیکل کالجوں پر کام ہو رہا ہے،اوران کے کام تیز رفتار سے آگے بڑھ رہے ہیں۔خبررساں ادارے پریس ٹرسٹ آف انڈیا کے مطابق وزیراعظم نریندر مودی نے ایک ورچوئل تقریبکے دوران راجستھان میں4 میڈیکل کالجوں کا سنگ بنیاد رکھا اور راجستھان میں انسٹی ٹیوٹ آف پیٹرو کیمیکل ٹیکنالوجی کا افتتاح کیا۔انہوں نے کہا کہ مرکز کوشش کر رہا ہے کہ ہر ضلع میں پی جی (پوسٹ گریجویٹ) میڈیکل تعلیم کیلئے ایک میڈیکل کالج یا ادارہ ہونا چاہیے۔سابقہ میڈیکل کونسل آف انڈیا (ایم سی آئی) کے بارے وزیراعظم نریندرمودی نے کہا کہ اس کے فیصلوں پر سوالات اٹھائے جاتے تھے اور اس کی شفافیت پر الزامات تھے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ ان کا طبی تعلیم کے معیار اور صحت کی خدمات کی فراہمی پر منفی اثر پڑا۔انہوں نے کہا کہ کوششوں اور کئی چیلنجوں کے بعد ، حکومت بالآخر ایم سی آئی کی جگہ نیشنل میڈیکل کمیشن تشکیل دے کر اصلاحات لانے میں کامیاب ہو گئی۔ وزیر اعظم نے کہا کہ کمیشن کا اثر اب نظر آ رہا ہے۔وزیراعظم نریندرمودی نے کہا کہ جب وہ 20 سال قبل گجرات کے وزیراعلیٰ بنے تھے ، طبی انفراسٹرکچر ، طبی تعلیم اور علاج کی سہولیات کے شعبوں میں بہت سے چیلنجز تھے ، لیکن انہوں نے چیلنجوں کو قبول کیا اور اجتماعی کوششوں سے صورتحال کو تبدیل کرنے کی کوشش کی۔انہوں نے کہا کہ صحت کے شعبے میں کوتاہیاں ، جنہیں انہوں نے بطور وزیراعلیٰ محسوس کیا ، اب ملک میں دور کیے جا رہے ہیں۔وزیراعظم نریندرمودی نے کہا کہ مرکز نے صحت کے شعبے کو تبدیل کرنے کیلئے ایک قومی نقطہ نظر اور ایک نئی قومی پالیسی پر کام کیا۔انہوںنے کہاکہ صحت ایک ریاستی موضوع ہے اور میں جانتا ہوں کہ وہاں کیا مشکلات ہیں ، کیونکہ میں ایک وزیراعلیٰ بھی تھا، ہم نے اس پر کام کیا۔انہوں نے کہاکہ یہاں مسئلہ یہ تھا کہ صحت کا نظام تقسیم تھا اور قومی سطح پر رابطہ اور اجتماعی نقطہ نظر کی کمی تھی۔وزیراعظم نریندرمودی نے کہا کہ روایتی اور جدید ادویات کے نظاموں میں بھی خلا تھا ، اور گورننس میں کوتاہیوں کو بھی دُور کرنے کی ضرورت تھی۔ اس لئے ہم نے ایک نئی قومی صحت کام شروع کیا۔وزیر اعظم نے کہا کہ سوچھ بھارت ابھیان سے لے کر آیوشمان بھارت اور اب آیوشمان بھارت ڈیجیٹل مشن ، ایسی کئی کوششیں کی جا رہی ہیں۔ملک بھر میں صحت کی سہولیات کے نیٹ ورک کو پھیلانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے ، انہوں نے کہا کہ یہ ایمز ہو یا میڈیکل کالج ان کے نیٹ ورک کو ملک کے ہر کونے میں تیزی سے پھیلانا بہت ضروری ہے۔وزیراعظم نریندرمودی نے کہا کہ آج ہم اطمینان کے ساتھ کہہ سکتے ہیں کہ ہندوستان 6 AIIMS (آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز) سے 22 سے زیادہ AIIMS کے مضبوط نیٹ ورک کی طرف بڑھ رہا ہے۔وزیراعظم مودی نے کہا کہ 2014 میں ملک میں انڈر گریجویٹ اور پوسٹ گریجویٹ میڈیکل اسٹڈیز کیلئے کل سیٹیں82ہزار کے قریب تھیں جو اب بڑھ کرایک لاکھ40ہزار لاکھ ہو گئی ہیں۔وزیراعظم نے کہا کہ بہت سے لوگوں کے لئے انگریزی طبی تعلیم حاصل کرنے میں رکاوٹ ہے۔ انہوں نے کہا کہ نئی تعلیمی پالیسی نے ہندوستانی زبانوں میں تعلیم کی راہ ہموار کر دی ہے اور جن لوگوں کو انگریزی میڈیم اسکولوں میں پڑھنے کا موقع نہیں ملا وہ بھی ڈاکٹر بن کر انسانیت کی خدمت کر سکیں گے۔انہوںنے یہ بھی کہا کہ معاشرے کے ہر طبقے کو مواقع ملنے چاہئیں اور میڈیکل کالجوں میں او بی سی (دیگر پسماندہ طبقے) اور ای ڈبلیو ایس (معاشی طور پر کمزور سیکشن) کے تحفظات کے پیچھے یہی بنیادی وجہ ہے۔کوویڈ 19کے تناظر میں وزیراعظم نریندر ، مودی نے کہا کہ100 سالوں میں سب سے بڑی وبا نے دنیا کے صحت کے شعبے کو بہت کچھ سکھایا ہے اور ہندوستان نے اس آفت میں خود انحصاری کی صلاحیت بڑھانے کا عزم کیا ہے۔خطاب سے پہلے ،وزیراعظم نریندر مودی نے عملی طور پر بانسواڑہ ، سیروہی ، ہنومان گڑھ اور دوسا کے میڈیکل کالجوں کے سنگ بنیاد رکھے اور سینٹرل انسٹی ٹیوٹ آف پیٹرو کیمیکل انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کا افتتاح کیا۔










