سی آر پی ایف کی اسپیشل ماؤنٹین ریسکیو ٹیمیں تعینات، یاتریوں کی حفاظت اولین ترجیح
سرینگر /وی او آئی//سالانہ امر ناتھ یاترا 2025 کے آغاز سے قبل، سنٹرل ریزرو پولیس فورس (CRPF)* نے ایک اہم اقدام اٹھاتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ بلند پہاڑی راستوں پر یاتریوں کی حفاظت یقینی بنانے کے لیے ماؤنٹین ریسکیو ٹیموں (MRTs) کے تقریباً 30 ماہر اہلکار تعینات کیے جائیں گے۔وائس آف انڈیا کے مطابق یہ ٹیمیں خاص طور پر بالتل راستے پر تعینات ہوں گی، جو امرناتھ گپھا کی جانب جانے والے دو مرکزی راستوں میں سے ایک ہے۔ CRPF کے سری نگر سیکٹرکے تحت کام کرنے والی یہ ٹیمیں جموں و کشمیر کی اسٹیٹ ڈیزاسٹر ریسپانس فورس (SDRF)* کے ساتھ قریبی تال میل میں اپنی خدمات انجام دیں گی۔ڈی آئی جی اور جوائنٹ نوڈل آفیسرسدھیر کمارنے کہا کہ یہ ٹیمیں نہ صرف ان یاتریوں کی مدد کریں گی جو جسمانی تھکن یا طبی مسائل کا سامنا کر رہے ہوں، بلکہ اچانک سیلاب، لینڈ سلائیڈ یا دیگر قدرتی آفات کی صورت میں فوری اور مربوط ریسکیو آپریشن میں بھی کلیدی کردار ادا کریں گی۔پچھلے سال ان ماؤنٹین ریسکیو ٹیموں نے 13,000 سے زائد یاتریوں کی مدد کی تھی، جو دشوار گزار علاقوں میں بروقت امداد کا مظہر تھا۔ اسی کارکردگی کے پیش نظر، رواں برس اہلکاروں کے لیے خصوصی انتخاب اور اعلیٰ تربیت کو مزید وسعت دی گئی ہے۔بالٹال اور دیگر اونچے علاقوں میں ریفریشر کورسز اور موک ڈرلز باقاعدگی سے جاری ہیں تاکہ ہر ممکنہ صورتحال سے نمٹنے کے لیے ٹیموں کو مکمل طور پر تیار رکھا جائے۔حکام کے مطابق MRTs کے بیشتر اہلکاروں کو دیگر نیم فوجی اور ڈیزاسٹر ریسپانس ایجنسیوں کے ساتھ خصوصی پہاڑی ریسکیو تربیتدی گئی ہے، جس کے باعث یہ خطرناک راستوں پر ریسکیو آپریشن کے ماہر بن چکے ہیں۔ڈی آئی جی سدھیر کمار کے مطابق، CRPF کی یہ تعیناتی نہ صرف قومی ڈیزاسٹر مینجمنٹ فریم ورک میں ان کے اہم کردار کو اجاگر کرتی ہے، بلکہ لاکھوں عقیدت مندوں کے لیے ایک محفوظ، ہموار اور خوشگوار یاترا کے انتظامیہ کے عزم کو بھی تقویت دیتی ہے۔










