The Centre must fulfill the promise made to the people of Jammu and Kashmir.

مرکز کو جموں کشمیر کے عوام کے ساتھ کئے گئے وعدے کو پورا کرنا ہوگا

ریاستی درجے کی بحالی جموں و کشمیر کے عوام کا حق ہے، عمر عبداللہ کا سیاسی جماعتوں کو مکتوب

سرینگر//جموں کشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے کہا ہے کہ ریاستی درجے کی بحالی کیلئے تمام سیاسی جماعتوں کا متحدہ ہونا ضروری ہے ۔ انہوںنے کہا کہ مرکز نے جموں کشمیر کے عوام کے ساتھ ریاستی درجے کی بحالی کا وعدہ کیا ہے جس کو پورا کیا جانا چاہئے کیوں کہ یہ ہمارا حق ہے ۔ وائس آف انڈیا کے مطابق جموں و کشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے بدھ کے روز ایک اہم بیان دیتے ہوئے کہا کہ ریاستی درجے کی بحالی صرف ایک سیاسی وعدہ نہیں بلکہ جموں و کشمیر کے عوام کے ساتھ کیا گیا عہد ہے، جسے ہر صورت پورا ہونا چاہیے۔نامہ نگاروں سے گفتگو کرتے ہوئے عمر عبداللہ نے انکشاف کیا کہ انہوں نے پارلیمنٹ میں بڑی نمائندگی رکھنے والی تمام سیاسی جماعتوں کو خط لکھا ہے، جس میں اپیل کی گئی ہے کہ وہ ریاستی درجے کی بحالی کے وعدے کو پارلیمنٹ میں بھرپور انداز میں اٹھائیں۔انہوں نے کہا: “یہ معاملہ کسی فرد یا جماعت کا نہیں بلکہ جموں و کشمیر کے عوام کا ہے۔ یہ وعدہ عوامی جلسوں، پارلیمنٹ اور عدالت عظمیٰ میں کیا گیا تھا۔ اب وقت آ گیا ہے کہ اس وعدے کو عملی جامہ پہنایا جائے۔”ریاستی درجے کی بحالی سے متعلق عدالت عظمیٰ میں جاری شنوائی پر تبصرہ کرتے ہوئے عمر عبداللہ نے کہا: “جب 5 اگست کا فیصلہ سنایا گیا تھا، تب عدالت نے ریاستی درجہ جلد بحال کرنے کا حکم دیا تھا۔ لیکن کئی سال گزرنے کے باوجود یہ وعدہ پورا نہیں ہوا۔انہوں نے مزید کہا: “اگر عدالت نے انتخابات کے انعقاد کے لیے وقت کی پابندی نہ لگائی ہوتی، تو شاید میں آج وزیر اعلیٰ نہ ہوتا۔ اگر حکومت ریاستی درجہ بحال نہیں کر رہی، تو یہ کام عدالت کو کرنا چاہیے۔وزیر اعلیٰ نے جموں و کشمیر میں سیاحتی سرگرمیوں میں اضافے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ امسال شری امرناتھ یاترا بحسن و خوبی اختتام پذیر ہوئی، جس میں 4 لاکھ سے زائد یاتریوں نے شرکت کی۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ ملک کے مختلف حصوں سے سیاح کشمیر آئیں گے اور یہاں کے قدرتی حسن اور مہمان نوازی سے لطف اندوز ہوں گے۔