ریاسی //مرکزی حکومت کا عوامی رسائی پروگرام کے ایک حصے کے طور پر مرکزی وزیر کوئلہ ، کان کنی اور پارلیمانی امور پرلہاد جوشی نے ضلع ریاسی کا دو روزہ دورہ مکمل کیا۔ دورے کے دوسرے دن وزیر پرلہاد جوشی نے انگی فش فارم ریاسی کا دورہ کیا جہاں کسانوں سے بات چیت کرتے ہوئے وزیر نے کہا کہ مرکزی حکومت 2022 تک کسانوں کی آمدنی کو دوگنا کرنے کیلئے پُر عزم ہے اور اس سلسلے میں ٹھوس اقدامات کئے جا رہے ہیں ۔ مرکزی وزیر نے کسانوں بالخصوص نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ اپنی پیداوار بڑھانے کیلئے مچھلی کی کاشت کریں اور اپنے مچھلی فارم قائم کریں کیونکہ اس شعبے میں روز گار کا بہت بڑا دائرہ ہے جسے حکومت ہند کی جانب سے آتم نربھر بھارت ابھیان کے تحت تعاون کیا جائے گا ۔ مرکزی وزیر نے کہا کہ بے روز گاری اور غربت کے مسئلے کو حل کرنے کیلئے مچھلی کی کاشت ایک بہترین ذریعہ ثابت ہو سکتی ہے ۔ انہوں نے ضلع کے کسانوں پر زور دیا کہ وہ آگے آئیں اور روائتی کاشتکاری کے ساتھ تجارتی کاشتکاری کیلئے آگے بڑھیں جس سے نہ صرف ان کی کوششیں کم ہوں گی بلکہ وہ مختصر عرصے میں اپنی آمدنی کو دوگنا کرنے میں بھی مدد کریں گے ۔ محکمہ سماجی بہبود کے زیر اہتمام کٹڑہ میں جی ایچ ایس گھار جتو میں محکمہ ریونیو اور سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے اشتراک سے منعقدہ اسکالر شپ میلے کا افتتاح کرتے ہوئے وزیر نے محکمہ سوشل ویلفئیر ، ریونیو ، ایجوکیشن ، لیبر ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے لگائے گئے سٹالز کا معائینہ کیا ۔ اپنے خطاب میں پرلہاد نے کہا کہ مرکزی حکومت اپنے کام کاج میں شفافیت اور جوابدہی کو یقینی بنانے کیلئے پُر عزم ہے جو کہ جمہوری اور حکمرانی کیلئے ضروری ہے کیونکہ وہ اعتماد کو بڑھانے اور سکیموں کے اثرات کو بہتر بنانے میں مدد کرتی ہیں ۔ وزیر موصوف نے سکالر شپ میلے کا انعقاد کر کے ضرورت مند اور ہونہار طلبہ کے حوصلے اور جوش کو بلند کرنے کیلئے فلاحی خدمات فراہم کرنے کی ضلعی انتظامیہ کی کوششوں کے حوالے سے خوشی کا اظہار کیا ۔ انہوں نے بغیر کسی پریشانی کے مختلف فلاحی سکیموں کے فوائد حاصل کرنے کیلئے دستاویزات کے عمل کو کم سے کم کرنے کی غرض سے پالیسی بنانے کیلئے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا ۔ وزیر نے اس بات پر بھی زور دیا کہ قومی سکالرشپ پورٹل پر عملدرآمد اور اسکالر شپ کو آف لائین سے آن لائین موڈ میں منتقل کرنے سے طلباء میں اسکالر شپ کے فوائد کی رسائی بڑھی ہے ۔ وزیر نے ویسٹ ٹو آرٹ نمائش کا دورہ بھی کیا جہاں مختلف عمر کے بچوں نے شرکت کی اور ٹوٹی پھوٹی چیزوں سے بنائی گئی کئی خوبصورت مصنوعات پیش کیں ۔ مسٹر پرلہاد نے بچوں کی کارکردگی کو سراہا اور بچوں اور عام لوگوں پر زور دیا کہ وہ صفائی کی کوریج حاصل کرنے کی کوششوں کو تیز کریں اور صفائی پر بھی توجہ دیں ۔ بعد ازاں نمائش میں پہلے ، دوسرے اور تیسرے نمبر پر آنے والے بچوں میں انعامات بھی تقسیم کئے گئے ۔










