Union Minister of State for Home Affairs and Youth Affairs and Sports, Nisith Pramanik during his visit to Baramulla

مرکزی وزیر مملکت نے بارہمولہ کا دورہ کیا ، میر گنڈ میں انڈور اسپورٹس اسٹیڈیم کا افتتاح کیا

بارہمولہ//مرکزی حکومت کے خصوصی آؤٹ ریچ پروگرام کے ایک حصے کے طورپر مختلف ترقیاتی پیرا میٹرز کا جائیزہ لینے کیلئے مرکزی وزیر مملکت برائے امور داخلہ اور نوجوانوں کے امور اور کھیل نسیت پرمانک نے آج میر گنڈ پٹن کا دورہ کیا جہاں انہوں نے3.83 کروڑ روپے کی تخمینہ لاگت سے تعمیر انڈور اسپورٹس اسٹیڈیم کا افتتاح کیا ۔ انہوں نے ضلع کی مجموعی فلاح و بہبود اور سماجی اقتصادی ترقی کیلئے مختلف سرگرمیوں میں بھی حصہ لیا ۔ انڈور اسپورٹس سٹیڈیم کے افتتاح کے بعد مختلف کھیلوں کی سرگرمیوں کا انعقاد کیا گیا جس میں نوجوان اور پُر جوش کھلاڑیوں نے اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھائے ۔ اس موقع پر وزیر نے نوجوان کھلاڑیوں کی پرجوش شرکت کا مظاہرہ کرنے پر ان کی تعریف کی ۔ انہوں نے کھیلوں کو متحرک نوجوانوں کی صلاحیتوں کو بروئے کار لانے کے ساتھ ساتھ انہیں منشیات کی لت ، سماجی مخالف سرگرمیوں وغیرہ جیسے غلط کاموں سے دور رکھنے کیلئے ایک قابلِ عمل پلیٹ فارم قرار دیا ۔ نوجوانوں کو آگے آنے پر زور دیتے ہوئے وزیر نے کہا کہ نوجوانوں کی شمولیت کے پروگرام کے ایک حصے کے طور پر کئی نئے اقدامات کئے جا رہے ہیں جن کا مقصد انہیں بااختیار بنانا اور انہیں پیداواری حصول کی طرف راغب کرنا ہے ۔ بعد میں وزیر نے ڈاک بنگلہ بارہمولہ کا دورہ کیا جہاں انہوں نے ترقیاتی منظر نامے کا جائیزہ لینے کیلئے تمام ضلعی اور سیکٹورل افسران کی ایک میٹنگ کی صدارت کی ۔ اس موقع پر بارہمولہ کی ڈپٹی کمشنر سید سحرش اصغر نے پاور پوائینٹ پرذنٹیشن کے ذریعے ضلع کا مختصر خاکہ پیش کیا ۔ انہوں نے ضلع کے معاشی ، سماجی اور ثقافتی پہلوؤں پر روشنی ڈالی ۔ اس موقع پر تمام محکموں نے متعلقہ اداروں کی طرف سے مختلف شعبوں مثلاً صحت ، تعلیم ، دیہی ترقی ، پی ڈی ڈی وغیرہ میں کئے گئے مختلف ترقیاتی کاموں کی صورتحال پیش کی ۔ مختلف بڑے ترقیاتی کاموں کا سیکٹر وار جائیزہ لینے کے بعد وزیر نے مطلوبہ نتایج حاصل کرنے کیلئے مربوط انداز اپنانے پر زور دیا ۔ دریں اثنا وزیر نے ڈی ڈی سی اور بی ڈی سی کے اراکین کے ساتھ ایک انٹر ایکٹو سیشن بھی طلب کیا تا کہ ان کے ترقیاتی مسائل اور خدشات کا جائیزہ لیا جا سکے ۔ ڈی ڈی سی کے اراکین نے کئی شکایات اور مطالبات کو اجاگر کیا ۔ اس موقع پر چئیر پرسن ضلع ترقیاتی کونسل بارہمولہ سفینہ بیگ نے ترقیاتی اہمیت کے حامل کئی مسائل پر روشنی ڈالی اور مرکزی وزیر سے ذاتی مداخلت کی درخواست کی ۔ وزیر نے تمام پی آر آئیز کے مطالبات کو غور سے سُنا اور انہیں ترجیحاتی بنیادوں پر حل کرنے کا یقین دلایا ۔ اس موقع پر چئیر پرسن ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کونسل بارہمولہ سفینہ بیگ ، ڈپٹی کمشنر بارہمولہ ، ایس ایس پی بارہمولہ ، تمام ضلعی اور سیکٹورل افسران کے علاوہ ڈی ڈی سی ممبران ، بی ڈی سی چئیر پرسن ، ایم سی صدر بارہمولہ ، سوپور ، اوڑی اور پٹن موجود تھے ۔