جموں//مرکزی وزیر مملکت برائے امور صارفین ، خوراک و عوامی تقسیم نیموبین جینتی بھائی بمبھانیہ نے آج جموں ضلع کے مختلف سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا تا کہ حالیہ سیلاب سے ہونے والے نقصانات کا براہ راست جائیزہ لیا جا سکے ۔ وزیر کے ہمراہ اراکین اسمبلی شام لال شرما ، وکرم رندھاوا اور موہن لال بھگت کے علاوہ ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کونسل جموں کے وائس چئیر مین سورج سنگھ بھی تھے ۔وزیر نے جموں نارتھ اسمبلی حلقہ میں نئی بستی اور اکھنور حلقہ کے گرخال اور پرگوال علاقوں کا دورہ کیا ، جہاں انہوں نے مقامی آبادی سے ملاقات کی اور قدرتی آفت سے ہونے والے نقصانات کے بارے میں دریافت کیا ۔ انہوں نے ان مقامات پر عوامی اجتماعات سے بھی خطاب کیا اور لوگوں کو حکومت ہند کی طرف سے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی ۔ ان مواقع پر بات کرتے ہوئے وزیر مملکت نے کہا کہ وزیر اعظم نے انہیں متاثرہ علاقوں کا دورہ کرنے اور زمینی صورتحال کا ذاتی طور پر جائیزہ لینے کی ہدایت دی تھی ۔ انہوں نے بتایا کہ وزیر اعظم مسلسل تمام متاثرہ ریاستوں بشمول ہماچل پردیش ، پنجاب اور جموں و کشمیر میں سیلاب کی صورتحال کا جائیزہ لے رہے ہیں اور لوگوں کو درپیش مشکلات پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے ۔ انہوں نے مشاہدہ کیا کہ سرحدی علاقوں جیسے گرخال اور پرگوال کے رہائشی نہ صرف سیلاب سے ہونے والے نقصانات کا سامنا کر رہے ہیں بلکہ بین الاقوامی سرحد کے قریب ہونے کی وجہ سے مسلسل چیلنجز کا بھی سامنا ہے ۔ وزیر مملکت نے مزید کہا کہ انہوں نے دو دن تک جموں و کشمیر کے مختلف حصوں کا دورہ کیا تا کہ ایک جامع زمینی رپورٹ تیار کی جا سکے ۔ انہوں نے بتایا کہ مرکزی وزیر داخلہ نے بھی حال ہی میں یونین ٹیر ٹیری کا دورہ کیا تھا تا کہ صورتحال کا جائیزہ لیا جا سکے ۔ انہوں نے یقین دلایا کہ ان کے دورے کی تفصیلی رپورٹ بھارت سرکار کو پیش کی جائے گی تا کہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں بحالی اور معمول کی زندگی کی بحالی کیلئے موثر اقدامات کئے جا سکیں ۔ انہوں نے دوہرایا کہ حکومت عوام کی فلاح و بہبود اور امداد کو سب سے زیادہ ترجیح دیتی ہے ۔










