سانبہ//حکومت ہند کے آؤٹ ریچ پروگرام کے ایک حصے کے طور پر مرکزی وزیر سماجی انصاف اور امپاورمنٹ ڈاکٹر وریندر کمار نے ضلع سانبہ کا دورہ کیا اور سوانکھا وجے پور میں ایک دیہی ہاٹ کا افتتاح کیا اس کے علاوہ انہوں نے وفود کے ساتھ بات چیت کی ۔ وزیر نے رام گڑھ میں زیرو لائین بارڈر پر بابا چملیال مزار پر بھی حاضری دی ۔ ڈاکٹر وریندر کمار نے ممبر پارلیمنٹ جگل کشور کی موجودگی میں رورل ہاٹ کا افتتاح کرتے ہوئے کہا کہ رورل ہاٹ کا اقدام ضلع میں دیہی آبادی کے مالی خود انحصاری کو فروغ دے گا اور ماحول کو فروغ دے کر دوستانہ زندگی گذارنے کا طریقہ اور دیہی منڈیوں کے ذریعے مقامی پیداوار کی مارکیٹنگ کا پائیدار نظام قائم کرے گا ۔ دیہی ہاٹ کے دو مراحل ہیں جن میں زون اے میں فی الحال دیہی مصنوعات کی نمائش کیلئے کیوسک /شیڈ موجود ہیں ، جبکہ زون بی میں مجوزہ فوڈ کورٹ ، بانس گیٹ وے ولیج آرٹ ، گاؤں چوپال وغیرہ کی ترقی کیلئے انتظامات ہیں اور اگلے مرحلے میں پارکنگ کا تصور کیا گیا ہے ۔ بعد میں مرکزی وزیر نے سرحدی سیاحتی مقام بابا چملیال زیرو لائین کا دورہ کیا جو دلیپ منہاس کا ایک قابلِ احترام مزار ہے جو کہ بابا چملیال کے نام سے مشہور ہے ۔ دورے کے دوران وزیر نے مقامی سرپنچوں ، یوتھ آرگنائیزیشن ، پی آر آئیز ، بارڈر ویلفئیر آرگنائیزیشن کے مختلف وفود کے ساتھ بات چیت کی ۔ وفد کے اراکین نے پہلی بار اپنے علاقے کا دورہ کرنے کیلئے وزیر کا شکریہ ادا کیا اور امید ظاہر کی کہ ان کے تمام مسائل مرکزی وزیر کی مداخلت کے بعد مناسب طریقے سے حل کئے جائیں گے ۔ مرکزی وزیر نے آگے کی پوسٹوں کا بھی دورہ کیا اور بی او پی چملیال میں تعینات بی ایس ایف کے جوانوں سے بات چیت کی ۔ وزیر کے ہمراہ لفٹینٹ گورنر کے مشیر فاروق خان ، سیکرٹری سوشل ویلفئیر شیتل نندا ، ڈی ڈی سی کے چئیر مین کیشو دے شرما ، ڈی آئی جی بی ایس ایف سرجیت سنگھ ، ڈپٹی کمشنر سانبہ انورادھا گپتا ، وائس چئیر پرسن ڈی ڈی سی ، مقامی بی ڈی سی چئیر پرسن کے علاوہ دیگر ڈی ڈی سی ممبران ضلعی افسران بھی موجود تھے ۔










