وزیر اعلیٰ نے پھلوں سے لدے ٹرکوں کی بلا رُکاوٹ آمد رفت کو یقینی بنانے پر زور دیا
سری نگر//وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے مرکزی وزیر برائے روڈ ٹرانسپورٹ و ہائی ویز نتن گڈکری کی صدارت میں سری نگر ۔جموں قومی شاہراہ کی بحالی کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لئے ایک اعلیٰ سطحی ورچیول میٹنگ میں شرکت کی۔وزیر اعلیٰ نے دورانِ میٹنگ قومی شاہراہ کی طویل بندش کی وجہ سے پھل کاشت کاروں اور تاجروں کو درپیش شدید مشکلات کو اُجاگر کرتے ہوئے کہا کہ بھاری گاڑیوں کی بلا رُکاوٹ آمد و رفت کو یقینی بنایا جائے۔اُنہوں نے کہا کہ سڑک کی مرمت اور بلیک ٹاپنگ ضروری ہے مگر یہ اہم ٹریفک کی طویل بندش کی قیمت پر نہیں ہونی چاہیے۔وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے کہا،’’بلیک ٹاپنگ اِنتظار کر سکتی ہے لیکن بھاری گاڑیوںبالخصوص 4ایکسل اور 5 ایکسل ٹرکوں کو مغل روڈ سے نہیں موڑا جاسکتا ۔ ان کے لئے یہی واحد راستہ ہے اور کشمیر کی طرف بڑی تعداد میں ٹرک پھنسے ہوئے ہیں۔ اِس پسماندگی کو ختم کرنا بہت ضروری ہے۔‘‘اُنہوں نے مزید کہا کہ اِس وقت پھلوں کا سیزن عروج پر ہے اور ٹرانسپورٹ میں مزید تاخیر کاشت کاروں اور تاجروں کو بھاری نقصان پہنچا رہی ہے۔وزیر اعلیٰ نے اِس بات پر زور دیا کہ اگرچہ چھوٹی گاڑیوں کو متبادل راستوں پر موڑا جا سکتا ہے لیکن این ایچ۔44 کو بھاری ٹریفک کے لئے کھلا رکھنا ضروری ہے جب تک تمام پھنسے ہوئے ٹرکوں کو کلیئر نہیں کیا جاتا۔ اُنہوں نے تجویز دی کہ بلیک ٹاپنگ کا کام صرف اسی صورت میں شروع کیا جائے جب دونوں اَطراف سے ٹریفک مکمل طو رپر کلیئر ہو جائے۔ مرکزی وزیر نتن گڈکری نے وزیر اعلیٰ کو یقین دِلایا کہ ان کے مسائل کا مکمل اَزالہ کیا جائے گا۔اُنہوں نے کہا کہ شاہراہ پر بلیک ٹاپنگ دوبارہ شروع کرنے سے قبل پھنسے ہوئے تمام ٹرکوں اور دیگر بھاری گاڑیوں کو ترجیحی بنیادوں پر کلیئر کیا جائے گا۔ وزیر اعلیٰ نے چیف سیکرٹری کو ہدایت دی کہ شاہراہ پر لین ڈسپلن اور ٹریفک کے ضوابط کو سختی سے عملایاجائے تاکہ کلیئرنس کا عمل آسانی سے مکمل ہو۔گزشتہ روز وزیر زراعت جاوید ڈار نے قومی شاہراہ کا دورہ کیا تاکہ زمینی صورتحال کا از خود جائزہ لیا جا سکے اور اِس کے بعد وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کو سڑک کی موجودہ کے بارے میں تفصیل سے آگاہ کیا۔ وزیر اعلیٰ نے قومی شاہراہ۔44 پر رُکاوٹوں اور ملک کے باقی حصوںکے ساتھ اہم رابطے کے نقصان کا نوٹس لیتے ہوئے مرکزی وزیر سے رابطہ کر کے معاملے کی فوری ضرورت سے آگاہ کیا جاسکے جس کے بعد یہ جائزہ میٹنگ ان کی ٹیلیفونک درخواست پر طلب کی گئی۔میٹنگ میں نائب وزیر اعلیٰ سریندر کمار چودھری، وزرأ سکینہ اِیتو، جاوید رانا، جاوید ڈار اور ستیش شرما، وزیر اعلیٰ کے مشیر ناصر اسلم وانی، چیف سیکرٹری اَتل ڈولو، وزیر اعلیٰ کے ایڈیشنل چیف سیکرٹری دھیرج گپتا اور این ایچ اے آئی، این ایچ آئی ڈِی سی ایل سمیت دیگر متعلقہ اِداروں کے اعلیٰ اَفسران نے ذاتی اور بذریعہ ورچوئل موڈشرکت کی۔










