جموں و کشمیر پولیس کو جدید ہتھیاروں اور آلات سے لیس ،مزید جدیدکاری کا عمل جاری // سیکریٹری داخلہ گوند موہن
سرینگر/یو این ایس//مرکزی وزارت داخلہ کے سیکریٹری گوند موہن نے جموں و کشمیر کے تمام سیاحتی مقامات پر سخت سکیورٹی انتظامات کو یقینی بنانے کی ہدایت دی ہے تاکہ گزشتہ برس پہلگام میں پیش آئے دہشت گردانہ حملے جیسے واقعات کو روکا جا سکے۔سرکاری ذرائع کے مطابق، گوند موہن نے اعلیٰ سطحی ویڈیو کانفرنس میٹنگ کے دوران جموں و کشمیر کی مجموعی سکیورٹی صورتحال کا جائزہ لیا، جس میں سیاحوں کی حفاظت کو اولین ترجیح دی گئی۔ میٹنگ میں چیف سیکریٹری اتل ڈلوہوم سیکریٹری چندراکر بھارتی ڈائریکٹر جنرل پولیس نلن پربھات سمیت سینئر پولیس اور انٹیلی جنس افسران نے شرکت کی۔ذرائع نے بتایا کہ سیاحتی سیزن کے آغاز کے پیش نظر، جب موسم بہتر ہو رہا ہے اور ملک بھر میں امتحانات اختتام کے قریب ہیں، جموں و کشمیر میں سیاحت میں اضافے کی توقع ہے۔ تاہم کسی بھی دہشت گردانہ حملے سے سیاحتی سرگرمیاں متاثر ہو سکتی ہیں، جس کے پیش نظر سکیورٹی حکمت عملی کو مزید مضبوط بنایا جا رہا ہے۔یو این ایس کے مطابق 22 اپریل 2025 کو پہلگام میں پاکستانی دہشت گردوں نے حملہ کر کے 26 افراد کو ہلاک کیا تھا، جن میں 25 سیاح اور ایک مقامی گائیڈ شامل تھا۔ اس کے بعد بھارتی افواج نے آپریشن سندورکے تحت پاکستان اور پی او جے کے میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا تھا۔ذرائع کے مطابق، شری ماتا ویشنو دیوی یاتریوں کی سکیورٹی بھی اہم ترجیحات میں شامل رہی، جبکہ شری امرناتھ جی یاترا کے سکیورٹی انتظامات کا جائزہ بعد میں لیا جائے گا۔ ادھر جموں خطے کے پہاڑی اور جنگلاتی علاقوں میں جاری انسدادِ دہشت گردی آپریشنز پر بھی تفصیلی غور کیا گیا۔گزشتہ ماہ ضلع کشتواڑ کے چترو علاقے میں سیکورٹی فورسز نے جیش محمدکے چار غیر ملکی دہشت گردوں کو، جن میں ان کا کمانڈر سیف اللہ بھی شامل تھا، ہلاک کیا تھا جسے بڑی کامیابی قرار دیا گیا۔ برف پگھلنے کے ساتھ ہی ان علاقوں میں آپریشنز مزید تیز کیے جانے کا امکان ہے۔مرکزی وزارت داخلہ نے سکیورٹی ایجنسیوں کو ہدایت دی ہے کہ وہ چھپے ہوئے دہشت گردوں کے خلاف بھرپور کارروائی کریں تاکہ وہ کسی بھی حملے سے پہلے ہی ناکام بنائے جا سکیں۔ اس سلسلے میں فوج، نیم فوجی دستوں، جموں و کشمیر پولیس اور اسپیشل آپریشنز گروپ (ایس او جی) کے تربیت یافتہ اہلکاروں کو حساس علاقوں میں تعینات کیا گیا ہے۔ذرائع نے مزید بتایا کہ اجلاس میں جموں و کشمیر پولیس کی مالی صورتحال کا بھی تفصیلی جائزہ لیا گیا کیونکہ مالی سال 2025-26اختتام کے قریب ہے۔ آئندہ مالی سال 2026-27کیلئے پولیس کی ضروریات پر بھی غور کیا گیا۔ حکام کے مطابق جموں و کشمیر پولیس کو جدید ہتھیاروں اور آلات سے لیس کیا گیا ہے، تاہم اس کی مزید جدیدکاری کا عمل جاری رہے گا۔










