ٹی بی کے خاتمے ، کسان کریڈٹ کارڈ قرض کے حصول میں اِضافہ اور زرعی زمینوں کی مٹی کی جانچ پر توجہ مرکوز
بارہمولہ//مرکزی جوائنٹ سیکرٹری محکمہ زراعت و بہبود کساناںاور نیتی آیوگ کے ’’ اسپریشنل ڈِسٹرکٹ پروگرام ‘‘ کے مرکزی پرابھاری آفیسر اجیت کمار ساہو نے ڈاک بنگلہ بارہمولہ میں ایک جائزہ میٹنگ کی صدارت کی جس میں ضلع کی ترقیاتی اِشاریوں کی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ میٹنگ میں ضلع ترقیاتی کمشنر بارہمولہ منگا شیر پا، جوائنٹ ڈائریکٹر پلاننگ ، پرنسپل جی ایم سی ، اے سی ڈِی ، سی ایم او اور مختلف شعبہ جات کے اَفسران نے شرکت کی۔میٹنگ کے شروعات میں ضلع ترقیاتی کمشنر بارہمولہ منگا شیرپا نے اے ڈِی پی کے پانچ اہم اِشاروں کے تحت ضلع کی کارکردگی کا ایک تفصیلی جائزہ پیش کیا جس میں صحت و تغذیہ، تعلیم ، زراعت اور آبی وسائل ، مالیاتی شمولیت و ہنرمندی اور بنیادی ڈھانچے شامل ہیں۔میٹنگ میںمرکزی جوائنٹ سیکرٹری کو جانکاری دِی گئی کہ ضلع نے نیتی آیوگ کی ڈیلٹا رینکنگ میں نمایاں بہتری حاصل کی ہے اور 112 اَضلاع میں 108ویں پوزیشن سے ترقی کرتے ہوئے 35ویں نمبر پر پہنچ گیا ہے جس کا کمپوزٹ سکور 61.3 ہے۔ضلع ترقیاتی کمشنر بارہمولہ نے جے ایس کو صحت کے کلیدی اشاریوں سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ صحت شعبے میں صد فیصد اہداف کی تکمیل، حاملہ خواتین کو غذائی مدد، بچوں کی مکمل ویکسی نیشن، اِدارہ جاتی زچگی، شیر خوار اور زچگی کی شرح اموات میں کمی،ٹی بی معاملات میں کمی اور ’’پوشن ابھیان‘‘ کے تحت غذائی قلت سے نمٹنے کے اَقدامات پر روشنی ڈالی گئی۔مرکزی پرابھاری آفیسر کو بتایا گیا کہ تعلیمی شعبے میں نمایاں بہتری دیکھی گئی ہے جن میں طلباء کے اندراج میں اِضافہ، 18 ماڈل اور لیب سکولوں کا قیام، اَٹل ٹنکرنگ لیبز کی تعداد 2 سے بڑھا کر 42 کرنا، اَساتذہ کی تربیت اور لڑکیوں کی صفائی کے لئے سہولیات کی فراہمی شامل ہے۔
اَجیت کمار ساہو نے زراعت، مالی شمولیت، ہنر مندی اور بنیادی ڈھانچے کے شعبے میں بھی جاری منصوبوں کا جائزہ لیا اور بارہمولہ کی مجموعی ترقی پر اطمینان کا اِظہار کیا۔اُنہوں نے اے ڈی پی کے تحت شروع کئے گئے پروجیکٹوں کی پیش رفت ،مرکزی اور ریاستی معاونت والی سکیموں جیسے پی ایم ایس بی وائی، پی ایم جے بی وائی،پی ایم ۔ جے ڈِی وائی،پی ایم ۔اے پی وائی،پی ایم۔ ایم یو ڈِی آر اے ،ایچ اے ڈِی پی کا بھی جائزہ لیا۔مرکزی جوائنٹ سیکرٹری نے صحت شعبے کے اَفسران کو ہدایت دی کہ ٹی بی کے بنیادی اسباب کی شناخت کے لئے جامع تحقیق کی جائے اور اسے جڑ سے ختم کرنے کے لئے ہدفی اقدامات کئے جائیں۔اُنہوں نے کسان کریڈٹ کارڈ قرضوں کے کم حصول پر تشویش کا اِظہار کرتے ہوئے متعلقہ محکمہ کو ہدایت دی کہ ایک ٹیم تشکیل دی جائے تاکہ اس مسئلے کی وجوہات کی جانچ کی جا سکے اورسکیم میں شرکت کو بہتر بنانے کے لئے اَقدامات تجویز کرے۔مزید برآں، اُنہوں نے زرعی زمینوں میں مکمل مٹی کی جانچ کی ہدایت دی تاکہ کسانوں کو غذائی اجزأ کی کمی سے متعلق معلومات فراہم کی جائیں اور فصلوں کی پیداوار بڑھانے کے لئے مخصوص کھادوں اور مٹی کی بہتری کے اَقدامات تجویز کئے جائیں۔










