مدھیہ پردیش میں سرخ سونے کا کارنامہ

مدھیہ پردیش میں سرخ سونے کا کارنامہ

کشمیر سے متاثر ہو کرکسان نے زعفران اگالیا

سرینگر// مدھیہ پردیش کے اندور میں ایک کسان نے اپنے کمرے میں دنیا کے مہنگے ترین مسالوں میں سے ایک اور روایتی طور پر وادی کشمیر سے وابستہ زعفران کو اْگا کر ایک قابل ذکر زرعی کارنامہ انجام دیا ہے۔کشمیری زعفران کی تاریخ زعفران کے ساتھ ہندوستان کے پرانے تعلق کو ظاہر کرتی ہے۔انیل جیسوال، جنہوں نے اپنے گھر کی دوسری منزل کے کمرے میں ’ایروپونکس‘ طریقہ کے ذریعے زعفران اگایا، یا جس میں مٹی کا استعمال نہیں کیا گیا ہے، نے بتایا کہ اس نے اسے گھریلو بازار میں 5 لاکھ روپے فی کلوگرام کے حساب سے فروخت کرنے کا منصوبہ بنایا ہے، جبکہ بین الاقوامی سطح پر قیمتیں 8.50 لاکھ روپے فی کلو تک ہو سکتی ہیں۔انہوں نے کہاکہ ’’میں کچھ سال پہلے اپنے خاندان کے ساتھ کشمیر گیا تھا اور پامپور میں زعفران کے کھیتوں کو دیکھ کر متاثر ہوا تھا۔ س کے بعد میں واپس آیا، درجہ حرارت، نمی، روشنی اور کاربن ڈائی آکسائیڈ کا ایک کنٹرول شدہ ماحول بنایا اور ایک کمرے میں زعفران اگانے کے لیے جدید ایروپونکس ٹیکنالوجی کا سامان لگایا۔جیسوال نے کہا کہ اس کا خیال کشمیر کی آب و ہوا کی نقل تیار کرنا تھا، جس کا دوسری منزل کا کمرہ اب خوبصورت جامنی رنگ کے زعفرانی پھولوں کی وجہ سے سب کی نگاہوں کا مرکز ہے۔ ان پودوں کو عمودی ریک میں پلاسٹک کی ٹرے میں رکھا گیا ہے۔320 مربع فٹ کے کمرے میں زعفران کی کاشت کیلئے بنیادی ڈھانچہ بنانے میں مجھے 6.50 لاکھ روپے کی لاگت آئی۔ میں نے کشمیر کے پامپور سے ایک ٹن زعفران کے بلب منگوائے۔ میں اس موسم میں اس کے پھولوں سے 1.5 کلوگرام زعفران حاصل کرنے کی توقع رکھتا ہوں۔ زعفران کے بلب ستمبر کے پہلے ہفتے میں رکھے گئے تھے اور اکتوبر کے آخر تک پھول کھلنا شروع ہو گئے تھے۔انہوں نے کہا کہ ان کے کمرے میں اگایا جانے والا زعفران مکمل طور پر نامیاتی ہے، انہوں نے مزید کہا کہ ان کا خاندان مدد کررہا ہے ۔ جیسوال کی بیوی کلپنا نے کہا کہ اس کوشش کے پیچھے فلسفہ یہ ہے کہ درختوں اور پودوں میں بھی زندگی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم موسیقی بجاتے ہیں تاکہ پودے فطرت کے قریب محسوس کریں یہاں تک کہ جب وہ کمرے میں بڑھ رہے ہوں۔ایروپونکس کے ماہر پروین شرما نے کہا کہ اس طرح کی کوششیں ملک کے مختلف حصوں میں جاری ہیں لیکن منافع اور پائیداری تب آئے گی جب کاشت کی لاگت کم رکھی جائے گی۔ایروپونکس طریقہ استعمال کرتے ہوئے کاشتکاری کے لیے بہت زیادہ بجلی درکار ہوتی ہے۔ لہذا اس طریقہ کو استعمال کرتے ہوئے زعفران اگانے والے لوگوں کو بجلی کے بلوں کو کم کرنے کے لیے زیادہ سے زیادہ شمسی توانائی کا استعمال کرنا چاہیے۔اس کی قیمتیں زیادہ ہونے کی وجہ سے اسے اکثر سرخ سونا کہا جاتا ہے، زعفران کھانے کے ساتھ ساتھ کاسمیٹکس اور ادویات میں بھی استعمال ہوتا ہے۔اگرچہ ہندوستان میں مانگ بہت زیادہ ہے، لیکن کم پیداوار کا مطلب ہے کہ ایران اور کچھ دیگر ممالک سے زعفران کی بہت زیادہ درآمد کی جاتی ہے۔