Javed Rana-

محکمہ موجودہ آبپاشی اور نکاسی آب سکیموں کو مضبوط اور جدید بنائے گا۔ وزیر جل شکتی

کہا، سوناواری حلقہ میں تقریبا ً20,625 گھرانوں کو فائدہ پہنچانے والے 112 نہروں کا نیٹ ورک موجود ہے

سری نگر//وزیر برائے محکمہ جل شکتی جاوید احمد رانا نے کہا کہ حکومت جموں و کشمیر میں موجودہ آبپاشی و نکاسی آب سکیموں کو مضبوط اور جدید بنانے کا ارادہ رکھتی ہے۔وزیر موصوف آج ایوان میں ممبر اسمبلی ہلال اکبر لون کے ایک سوال کا جواب دے رہے تھے۔اُنہوں نے بتایا کہ موجودہ آبپاشی و نکاسی آب سکیموں کو جدید بنانے کے تحت سونا واری حلقہ میں چار سکیمیں پہلے ہی اے آئی بی پی اور ضلعی کیپیکس کے تحت مکمل کی جا چکی ہیں۔جاوید رانا نے مزید بتایا کہ سونا واری حلقہ میں 112 نہروں کا ایک وسیع نیٹ ورک موجود ہے جس میں تقریباً 245 کلومیٹر مین کینال اور 90 کلومیٹر ذیلی نہریں شامل ہیںجو تقریباً 21,416 ایکڑ کے زیرِ کاشت رقبے کو سیراب کرتی ہیں اور قریب 20,625 گھروں کو فائدہ پہنچا رہی ہیں۔اُنہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ پانچ برسوں کے دوران پی آر آئی، ڈِی ڈِی سی اور کیپیکس گرانٹس کے تحت آئی ایف سی ڈویژن سنبل میں موجودہ آبپاشی کے بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانے کے لئے اکیس کام مکمل کئے گئے ہیں۔اِس کے علاوہ نبارڈ اور پردھان منتری جن وکاس کریا کرم ( پی ایم جے وِی کے ) سکیموں کے آٹھ ڈی پی آرز تیار کئے گئے ہیں جو فی الحال سونا واری حلقہ میں مختلف لفٹ آبپاشی اور نکاسی آب سکیموں کی جدید بنانے اور توسیع کے لئے جانچ کے مرحلے میں ہیں۔وزیرموصوف نے کہا کہ ان منصوبوں کا مقصد زرعی ترقی کو فروغ دینا اور مستفیدین کو آبپاشی کی سہولیات کی بلاتعطل فراہمی کو یقینی بنانا ہے۔اُنہوں نے مزید بتایا کہ ’’اوڈینہ لفٹ اری گیشن سکیم‘ کو نبارڈ کے تحت آر آئی ڈِی ایف۔XXI فنڈنگ کے لئے تجویز کیا گیا ہے۔ اِس سکیم کو دو مراحل میں مکمل کیا جائے گا جس کے تحت دریائے جہلم سے پانی اُٹھا کر نالہ امیر خان میں چھوڑا جائے گا۔اُنہوںنے کہا، ’’یہ نالہ جو کئی دیہات سے گزرتا ہے اور مختلف آبپاشی سکیموں کو سپورٹ کرتا ہے، زرعی کمیونٹی کے لئے وسیع فوائد کا باعث بنے گا۔‘‘