دودیگر کاریگروں کو سر ٹیفکیٹ آف ایکسی لنس سے نوازا گیا
سری نگر/نئی دہلی//محکمہ صنعت و حرفت نے جموں و کشمیر کے دو نمایاں کاریگروں کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کی ہے جنہیں نئی دہلی میں وزارتِ ٹیکسٹائلز کی جانب سے منعقدہ ایک شاندار تقریب میں صدرِ جمہوریہ ہند دروپدی مرمو نے باوقار قومی اعزازات سے نوازا۔محکمہ نے دو دیگر کاریگروں کو بھی مُبارک باد پیش کی جنہیں آج کی تقریب میں اَپنے اَپنے ہنر میں نمایاں خدمات پر سر ٹیفکیٹ آف ایکسی لینس سے نوازا گیا۔ہینڈی کرافٹس و ہینڈ لوم محکمہ کشمیر کے ایک ترجمان نے آج یہاں جاری ایک پریس ریلیز میں کہا کہ یہ اعزاز منظور احمد خان جو رعنا واری کے معروف قالین باف ہیں اور خواجہ نذیر علی جو علمگیری بازار سری نگر کے ممتاز سوزنی کار ہیں، کی غیر معمولی مہارت، زندگی بھر کی محنت اور ان کے قیمتی تعاون کا بہترین اعتراف ہے جنہیں قومی ایوارڈز سے نوازا گیا۔ اِسی طرح مشکورہ حمید (سوزنی بڈگام) اور میر اِرشاد حسین (پیپر ماشی سری نگر) کو سر ٹیفکیٹ آف ایکسی لینس سے نوازا گیا جنہوں نے جموں و کشمیر کی امیر دستکاری روایات کے تحفظ اور ترویج میں اہم کردار اَدا کیا۔اُنہوں نے مزید کہا،’’محکمہ اِنتہائی فخر اور خوشی محسوس کرتا ہے کہ دو ماسٹر کاریگروں کو قومی سطح کی اعلیٰ ترین شناخت سے نوازا گیا اور دودیگر کو سر ٹیفکیٹ آف ایکسی لینس ملا۔‘‘ترجمان نے کہا کہ ان کی اعلیٰ درجے کی دستکاری نے نہ صرف ہماری صدیوں پرانی روایات کو زندہ رکھا ہے بلکہ عالمی پذیرائی بھی حاصل کی ہے۔اُنہوںنے کہا،’’وہ جموں و کشمیر کے ہزاروں کاریگروںکے لئے رول ماڈل بن چکے ہیں اور حال ہی میں منعقدہ ’ اَپنے کاریگر کو جانیں‘مہم کے دوران خصوصی طور پر نمایاں کئے گئے تھے۔‘‘اُنہوں نے مزید کہا کہ پوری ہنرمند کمیونٹی اس تاریخی لمحے کو بڑے فخر کے ساتھ منا رہی ہے۔










