محکمہ صحت کشمیر میں یرقان اور ڈینگی کے معاملات کی نگرانی کر رہا ہے

سری نگر//وادی کشمیر میں یرقان کی وَبا اور ڈینگی پھیلنے کی حالیہ اَفواہوں کا نوٹس لیتے ہوئے ڈائریکٹوریٹ آف ہیلتھ سروسز کشمیر نے واضح کیا ہے کہ ایسے تمام دعوے جھوٹے اور بے بنیاد ہیں۔حبہ کدل ، گدود باغ میں یرقان کی اَفواہ کی وبا کے حوالے سے ماہرین کی ٹیم نے آج دورہ کیاا ور معاملات کی جانچ کی ۔یہ پتہ چلا کہ 3ایسے معاملات تین مختلف گھروں سے رِپورٹ ہوئے جن کا ایک دوسرے سے کوئی تعلق نہیں تھا ۔مزید یہ کہ ایم پی این کے لئے پانی کے مختلف نمونے بھی جمع کئے گئے اور ٹیسٹ کے نتائج کی بنیاد پر محکمہ مزید اقدامات کرے گا۔اِسی طرح محکمہ ڈینگی کے 21 رِپورٹ ہونے والے معاملات کا نوٹس لیا ہے اور وادی میں ڈینگی کے معاملات کی روکتھام اور اِنتظام کے لئے صوبائی اور ضلعی سطح کی ریپڈ رسپانس ٹیموں ، باقاعدہ نگرانی ، جلد تشخیص اور فوری علاج کے ذریعے ایک تفصیلی حکمت عملی مرتب کی ہے۔