Tourism Festival

محکمہ سیاحت کی طرف سے گلمرگ ، پہلگام میں کرسمس فیسٹول کا اہتمام

گلمرگ / اننت ناگ / /اس برس کرسمس کی تقریبات کے ایک حصے کے طور پر محکمہ سیاحت کشمیر نے اس موقع کی مناسبت سے گلمرگ اور پہلگام کے دلکش مقامات پر عظیم الشان کرسمس فیسٹول کا انعقاد کیا ۔ یہ جشن ایک ہفتہ طویل سال کے اختتامی تہوار کا حصہ تھا جو نئے سال کے جشن کے ساتھ ختم ہوتا ہے ۔ سیکرٹری سیاحت ، سرمد حفیظ نے گلمرگ میں میلے کا افتتاح کرتے ہوئے کہا کہ جموں و کشمیر میں کرسمس کے موقع پر تقریبات کا اہتمام کرنا محکمہ سیاحت کی ایک عظیم روایت رہی ہے ۔ مسٹر سرمد نے کہا کہ کشمیر کے لوگ بھائی چارے اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کیلئے جانے جاتے ہیں جو ان تہواروں کی تقریبات میں مقامی لوگوں اور ٹریول ٹریڈ ممبران کی بڑی شرکت سے ظاہر ہوتا ہے ۔ سیکرٹری نے کہا کہ کشمیری پوری دُنیا میں اپنی مہمان نوازی کیلئے جانے جاتے ہیں اور محکمہ نے دنیا بھر کے لوگوں کو جموں و کشمیر کے خوبصورت مقام پر آنے اور دیکھنے کی دعوت دینے کیلئے کئی پروگرام منعقد کئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ سیاحتی سرگرمیوں کیلئے بہت سے دوسرے ممکنہ علاقوں کو کھول رہا ہے ۔ ان تہواروں کے دوران ملک کے مختلف حصوں سے سیاحوں کے ساتھ ساتھ مقامی لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔ مسیحی برادری کے ارکان نے خصوصی دعائیں ، کیرول اور مختلف ثقافتی پروگراموں کا اہتمام کیا ۔ انہوں نے فرقہ وارانہ ہم آہنگی ، محبت اور انسانیت کیلئے ہمدردی کی دعا بھی کی ۔