محکمہ سیاحت کا ڈل جھیل پر کووِڈ پروٹوکال کی عمل آوری سے متعلق کیپسٹی بلڈنگ پروگرام کا انعقاد

سری نگر//محکمہ سیاحت کشمیر نے ایک منفرد اور اِختراعی اِنداز میں یہا ں ڈل جھیل کی آموزش کے اندرونی سطح پر کووِڈ پروٹوکول کی عمل آوری کے سلسلے میں سیاحتی شعبے سے متعلق مختلف شراکت داروں کے لئے صلاحیت سازی پروگرام کا اِنعقاد کیا۔پروگرام کی صدارت سیکرٹری سیاحت سرمد حفیظ نے کی جبکہ ناظم سیاحت کشمیر جی این اِیتو ، جوائنٹ ڈائریکٹر سیاحت کشمیر تبسم کاملی ، ڈپٹی ڈائریکٹر سیاحت ڈاکٹر احسان الحق چشتی اور دیگر اَفسران کے علاوہ سیاحت کے مختلف شراکت داروں بشمول شکار والا، ہائوس بوٹ مالکان ، ڈل جھیل وغیرہ کے تیرتے بازار کے تاجر اور مقامی اَفراد کی بڑی تعداد بھی پروگرام کے دوران موجو د تھے۔اِس موقعہ پر سرمد حفیظ نے اَپنے خیالات کااِظہار کرتے ہوئے کہا کہ اِس پروگرام کا اِنعقاد مختلف سیاحتی شراکت داروں کو جاری سیاحتی سیزن کے دوران کووِڈ پروٹوکول کے بارے میں جانکاری دینا ہے۔اُنہوں نے مزید کہا کہ اِس کپسٹی بلڈنگ پروگرام کے ذریعے سیاحت کے شعبے سے وابستہ تمام شراکت داروں کو مناسب تربیت فراہم کی جائے گی تاکہ اِس سیزن کے دوران آنے والے سیاح اِن شراکت داروں کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے اَپنے آپ کو محفوظ محسوس کر سکیں۔دورانِ پروگرام کئی مقامی فن کاروں نے کووِڈ پروٹوکول کی پیروی کی اہمیت کو اُجاگر کرنے کے لئے سکٹ، مقامی اور روایتی گیتوں کی پیش کش کی۔