جموں وکشمیر کی ثقافت اور موسیقی کا ایک بہتر ین ترجمان۔ سرمد حفیظ
جموں و کشمیر کی ثقافتی انفرادیت کا مظہرقرار دیا۔ ڈاکٹرجی این ایتو
سری نگر/// محکمہ سیاحت نے مشہور سنتور اُستاد ، پدم شری پنڈت بھجن سوپوری کے اِنتقال پر گہرے دُکھ کا اِظہا ر کیاہے جن کا آج گورو گرام کے ایک ہسپتال میں اِنتقال ہوا۔اِس سلسلے میں آج شام ڈائریکٹوریٹ آف ٹوراِزم میں ایک تعزیتی میٹنگ منعقد ہوئی جس میں مقررین نے ثقافت اور موسیقی کے ذریعے جموںوکشمیر سیاحت کو فروغ دینے میں بھجن سوپوری کے تعاون کو یاد کیا اور ان کی تعریف کی۔تعزیتی میٹنگ کی صدارت سیکرٹری سیاحت سرمد حفیظ نے کی اور اِس میں ناظم سیاحت کشمیر ڈاکٹر جی این ایتو اور دیگر اَفسران نے بھی شرکت کی۔سرمد حفیظ نے بھجن سوپوری کو جموںوکشمیر کی ثقافت اور موسیقی کا ایک عظیم علمبردار قرار دیتے ہوئے کہا کہ بھجن سوپوری جموں وکشمیر کی ثقافتی سیاحت کے سفیر تھے اور وہ اَپنی زندگی میں جہاں بھی گئے اُنہوں نے جموں وکشمیر کی بھرپور ثقافت اور موسیقی کو فروغ دیا۔ اُنہوں نے مرحوم کی روح کے ابدی اور دائمی سکون کے لئے دعا کی اور سوگوار کنبے بالخصوص ان کے دو بیٹوں ابھے اور سوربھ کے ساتھ ہمدردی اور یکجہتی کا اِظہا رکیا۔ڈاکٹر جی این ایتو نے مرحوم بھجن سوپوری کو حالیہ دِنوں میں جموںوکشمیر کی ثقافتی اِنفرادیت کا مظہر قرار دیا جس نے اسے ملک کے ثقافتی نقشے پر ایک جگہ بنانے میں مدد کی۔میٹنگ میں سوگوار کنبے سے یکجہتی اور ہمدردی کا اِظہار کیا گیا اور مرحوم کی روح کے ابدی سکون کے لئے دعا کی گئی۔










