سرینگر / / ڈائریکٹوریٹ آف ٹورازم کشمیر نے خواتین کا عالمی دن بہت ساری سرگرمیوں کے ساتھ منایا ۔ تقریب کے انعقاد کا مقصد سیاحت کے شعبے اور محکمہ سے وابستہ خواتین کے تعاون کو تسلیم کرنا تھا ۔ اس موقع پر محکمہ کی خواتین ملازمین کی جانب سے بڑے پیمانے پر شجرکاری مہم چلائی گئی جس میں محکمہ سیاحت کی خواتین، افسران اور ملازمین نے زبرون پارک میں چیری کے پودے لگائے ۔ اسے جاپان کے ساکورا باغات کی طرز پر چیری پارک کے طور پر تیار کرنے کا خیال ہے ۔
سیکرٹری سیاحت و ثقافت سرمد حفیظ اور ڈائریکٹر ٹورازم کشمیر ڈاکٹر جی این ایتو نے شجرکاری مہم کی قیادت کی ۔ خواتین کے عالمی دن کو منانے کیلئے تمام خواتین کی سائیکلنگ کی تقریب اور شنکر اچاریہ پہاڑیوں تک نیچر واک بھی آج کے پروگرام کا حصہ تھا ۔ تقریب کے اختتام پر اظہار خیال کرتے ہوئے سرمد حفیظ نے شعبہ میں خواتین کی خدمات کو سراہا ۔ انہوں نے کہا کہ آج کی تقریب ہمیں گھر اور کام کی جگہ پر معاشرے میں خواتین کی جانب سے کی جانے والی بے پناہ شراکت کے بارے میں سوچنے کا پیغام دیتی ہے ۔
سیاحت کے سیکرٹری نے کہا کہ محکمہ زبرون پارک کو ساکورا جاپان کی طرز پر تیار کرنے کا ارادہ رکھتا ہے تا کہ چیری بلاسم کی نمائش اور موسم بہار کے آغاز کو نشان زد کیا جا سکے ۔ اس موقع پر ڈائریکٹر سیاحت کشمیر ڈاکٹر جی این ایتو ، سی ای او دود پتھری ڈیولپمنٹ اتھارٹی نرگس سوریا اور محکمہ کے دیگر افسران اور ملازمین موجود تھے ۔










