سری نگر//محکمہ سیاحت جموں وکشمیر میں دیہی سیاحت کو فروغ دینے کے لئے متعدد اِقدامات اُٹھا رہا ہے ۔ اِس بات کا اِظہارناظم سیاحت کشمیر ڈاکٹر جی این ایتو نے ایک میٹنگ کی صدارت کرنے کے دوران کیا۔ میٹنگ میں جوائنٹ ڈائریکٹر ٹوراِزم کشمیر ، ڈپٹی ڈائریکٹر ٹوراِزم رجسٹریشن ، ڈپٹی ڈائریکٹر ( ایم اینڈ ڈبلیو) اور محکمہ کے دیگر اعلیٰ اَفسران موجود تھے۔ دورانِ میٹنگ ناظم سیاحت نے کہا کہ جے اینڈ کے دیہی سیاحت کے شعبے میں وسیع اِمکانات موجود ہے اور ان علاقوں کی سپاٹ فزیبلٹی اور سیاحتی صلاحیت کے بارے میں تلاش کرنے کی اَشد ضرورت ہے۔ڈاکٹر اِیتو نے کہا کہ دیہی علاقوں کو سیاحوں کے لئے توجہ کی نئی جگہوں کے طور پر منتخب کرنے کی ضرورت ہے تاکہ دیہی عوام سیاحت کے عمل سے مستفید ہوں ۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ دیہی سیاحت ہمارے سامنے دیہی معیشت کو مستحکم کرنے کے لئے ایک اہم اِنتخاب ہے۔ناظم سیاحت نے اَفسران سے کہا کہ دیہی سیاحت کے تحت دیہات کو اس طرح سے ڈیزائن کیا جاسکتا ہے کہ تازہ اور غیر آلودگی پھیلانے والا ماحول ، روایات ، دیہاتی دستکاری ، گاؤں کا لوک رقص اور موسیقی ، مصوری اور مجسمہ ، خطے کی تاریخ ، مقامی نوعیت کے کام اور ٹیکنالوجی کا استعمال ، فن تعمیر ، نظام تعلیم ، مذہب ، لباس ، تفریحی سرگرمیاں اور دیگر متعلقہ چیزیں باہر سے سیاحوں کو راغب کرسکتی ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ کشمیر کے دیہی اور دور دراز علاقوں میں ٹریکنگ کے بہت سے راستے کھول دیئے گئے ہیں تاکہ ان علاقوں کی مقامی آبادی کو فائدہ پہنچے جس کے نتیجے میں ان کی معاشی حالت بہتر ہوجائے گی۔










