جموں//وزیربرائے تعلیم سکینہ اِیتو نے ہفتہ کے روز کہا کہ محکمہ سکولی تعلیم( ایس اِی ڈِی) اس وقت جموں و کشمیر میں پہلے سے اپ گریڈ کئے گئے سکولوں میں موجودہ بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانے اور تدریسی عملے کی مناسب دستیابی کو یقینی بنانے پر پر توجہ مرکوز کر رہا ہے۔وزیر موصوفہ نے یہ بات آج ایوان میں رُکن اسمبلی رفیق احمد نائیک کی طرف سے سکولوں کی اَپ گریڈیشن سے متعلق اُٹھائے گئے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے بتائی۔اُنہوں نے بتایا کہ چیف ایجوکیشن آفیسر کی جانب سے ہائی سکول جواہرپورہ لام کو ہائیر سیکنڈری سطح تک اَپ گریڈ کرنے کے لئے ایک فزیبلٹی رِپورٹ ڈائریکٹوریٹ آف سکول ایجوکیشن کشمیر کو پیش کی گئی ہے۔وزیر تعلیم نے مزید کہا کہ ہائی سکول جواہرپورہ لام کے قریب ترین ہائیر سیکنڈری سکول ستورا ہے جو لام سے تقریباً 6 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے۔اُنہوںنے کہا کہ اس علاقے میں قبائلی کمیونٹیوں سے تعلق رکھنے والی کچھ آبادی ہے لیکن سکولوں کی اَپ گریڈیشن طے شدہ معیارات اور فزیبلٹی اصولوں جیسے فاصلے، فیڈر سکولز اور طلبأکے داخلے کی اعلیٰ شرح کی تکمیل سے مشروط ہوتی ہے جو لازمی شرائط ہیں۔وزیر سکینہ اِیتو نے مزید کہا کہ فی الحال سکولوں کو اگلے درجے تک اَپ گریڈ کرنے کے لئے کوئی تجویز زیر غور نہیں ہے کیوں کہ محکمہ پہلے سے اَپ گریڈ شدہ سکولوں میں بنیادی ڈھانچے کو مستحکم کرنے اور تدریسی عملے کی فراہمی کو ترجیح دے رہا ہے۔اُنہوںنے مزید کہا کہ جب بھی سکولوں کی اَپ گریڈیشن کے لئے کوئی تجویز زیر غور آئے گی تو ہائی سکول جواہرپورہ لام اور ہائی سکول مِدورا کو مدنظر رکھا جائے گا۔










