سری نگر//محکمہ اطلاعات وتعلقات عامہ کے کلچرل یونٹ کشمیر نے گاندھی میموریل کالج سری نگر میں’’ اِنسداد منشیات‘‘ کے موضوع پر ایک سمپوزیم اور مختصر ڈرامے کا اہتمام کیا ۔اِس تقریب کا مقصد وادی میں منشیات کی بڑھتی وَبا سے پیدا ہونے والی تشویشناک صورتحال کے بارے میں بیداری پیدا کرنا تھا۔ طلبأ نے اَپنی تقاریر میں کنبوں، معاشرے اور نوجوانوں پر منشیات کے اِستعمال کے تباہ کن نتائج کو اُجاگر کیا۔اینجلز کلچرل اکادمی کے فن کاروں نے ایک فکر انگیز ڈرامہ پیش کیا جس میں منشیات کے اِستعمال کے تباہ کن اثرات، روکتھام کے اَقدامات اور منشیات کے خاتمے کے لئے اُٹھائے جانے والے اَقدامات کو دِکھایا گیا۔پرنسپل گاندھی میموریل کالج اعجاز احمدحکاک نے پوری وادی میں مؤثر بیداری پروگرام منعقد کرنے کے لئے محکمہ اطلاعات و تعلقات عامہ کے کلچرل یونٹ کشمیر کی کوششوں کی سراہنا کی۔ اُنہوں نے نوجوانوں کو منشیات کے چنگل سے بچانے کی اہمیت پر زور دیا۔اسسٹنٹ کلچرل آفیسر کلچرل یونٹ کشمیر سیّد شکیل شان نے مہمانوں کا خیرمقدم کیا اور اہم سماجی مسائل پر بیداری اور آگاہی پروگرام منعقد کرنے کے یونٹ کے عزم کا اعادہ کیا۔اِس موقعہ پر کلچرل یونٹ کشمیر کی جانب سے منشیات کی خطرناک صورتحال پر تیار کردہ ایک مختصر فلم ’’بڑھتے قدم‘‘ بھی دکھائی گئی۔ تقریب کو کالج کے طلبأ ، اَساتذہ، سٹاف اور طلبأ کی جانب سے خوب پذیرائی حاصل ہوئی۔کلچرل یونٹ کشمیر کی طرف سے شرکأ طلبأکو منشیات کی لت کے خطرات کے بارے میں بیداری پھیلانے کی شاندار کاوشوں کے اعتراف میں مومنٹوزاور توصیفی اَسناد پیش کی گئیں۔ تقریری مقابلے میں طلبأ مقررین عابد، سیّد ذوالفقار اور ندا نے بالترتیب پہلی، دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کی۔










