Arshad Nowshahri

محرم الحرام کے دوران لوگوں کو بنیادی سہولیت بہم رکھی جائے

شیعہ آبادی والے علاقوں میں بجلی، پانی، راشن اور گیس کی دستیابی کو یقینی بنایا جائے :ارشد نوشہری

سرینگر//ثقافت شناس اور ویڈیو جرنلسٹ ارشد نوشہری نے محرم الحرام کے متبرک ایام کے دوران لوگوں کے لئے خاص کر شیعہ آبادی والے علاقوں میں ضروریاتِ زندگی سے جُڑی اشیائے ضروریہ خاص کر بجلی، پانی، راشن ، گیس، بالن دستیاب رکھنے پر زور دیا ہے جبکہ انہوں نے سڑکوں کی مرمت اور صفائی ستھرائی کا خاص خیال رکھنے کا بھی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے۔ ایک پریس بیان میں انہوں نے کہا کہ جن علاقوں سے عزاداری کے جلوس یا تقریبات منعقد کی جارہی ہیں اُن علاقوں کی سڑکوں کی تجدید و مرمت کا کام جنگی بنیادوں پر عمل میں لایا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ زڈی بل، حول، سازگری پورہ، باغوان پورہ، منڈی بل، حسن آباد، شالیمار، ہانجی ویرہ، ماگام، بڈگام، بالہامہ، پاندریٹھن، دلنہ بارہمولہ، اور دیگر شیعہ آبادی والے علاقوں میں سڑکوں کی مرمت کا کام فوری طور عمل میں لایا جانا چاہئے۔ اس کے ساتھ ساتھ ارشد نوشہری نے ان علاقوں میں طبی خدمات میسر رکھنے پر بھی زور دیا ہے۔ انہوں نے ایل جی انتظامیہ سے اپیل کی ہے کہ وہ ان متبرک ایام میں لوگوں کی بنیادی سہولیات بہم رکھنے کے لئے اقدامات کریں۔ نوشہری نے ایل جی انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے تین دہائیوں کے بعد ۲۰۲۳ء میں آٹھویں محرم کے جلوس کونکلنے کی اجازت دی اور اس سال بھی وہ امید رکھتے ہیں کہ انتظامیہ آٹھویں محرم کا جلوس پُرامن ماحول میں نکالنے کی اجازت دی جائے۔