گاندربل//ڈپٹی کمشنر گاندر بل کریتکا جیوتسنا نے کہا کہ ضلع میں مجموعی طور پر مثبت معاملات میں بڑے پیمانے پر کمی دیکھنے میں آئی ہے اور اس وقت مثبتیت کی شرح محض 0.79 فیصد ہے ۔ ان باتوں کا اظہار ڈپٹی کمشنر نے کووڈ ۔19 کی موجودہ صورتحال کے حوالے سے معمول کی پریس بریفنگ میں دی ۔ انہوں نے عداد و شمار بتاتے کہا کہ اس ہفتے تقریباً 13000 ٹیسٹ ہوئے ہیں اور مجموعی طور پر مثبت کی شرح 0.79 فیصد پر آ گئی ہے جو گذشتہ ہفتہ میں1.5 فیصد تھی ۔ انہوں نے بتایا کہ گذشتہ ہفتے کووڈ کئیر سنٹرز میں 7000 ٹیسٹ کئے گئے تھے اور صرف 11 افراد کا مثبت تجزیہ کیا گیا تھا جنہیں گھر تنہائی پر بھیجا گیا تھا اور وہ تمام مستحکم ہیں ۔ فعال مثبت معاملات کے بارے میں ڈی سی نے بتایا کہ اس وقت ضلع میں 176 معاملات سرگرم ہیں جبکہ ضلع میں اب بھی 41 کنٹین منٹ زون کو مطلع کیا گیا ہے اور 59 فیصد فعال معاملات ان علاقوں سے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ وبائی امراض کے حوالے سے مثبت اشارے ہر گزرتے دن میں بہتری پر ہیں جو سب کیلئے حوصلہ افزا رحجان ہے اور ہمارے مثبت اشارے میں مزید بہتری لانے کیلئے انہوں نے ایک بار پھر ضلع کے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ چہرے پر ماسک پہننے کے علاوہ کووڈ مناسب طرز عمل پر عمل کریں ۔ 18برس عمر سے 44 برس عمر تک کے گروپوں میں جاری ٹیکہ کاری مہم کے بارے میں تفصیل دیتے ہوئے انہوں نے ویکسین سے وابستہ میڈیکل ٹیموں کو ویکسین کے سلسلے میں عوام میں شکوک و شبہات کو دور کرنے کیلئے پچھلے کچھ دنوں میں جانکاری اور مثبت مہم چلانے کی تعریف کی ۔ انہوں نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ قریب ترین ویکسی نیشن سنٹر کا دورہ کریں اور کم سے کم وقت میں ٹیکے لگائیں جو مہلک کورونا وائیرس کے خلاف واحد دفاعی طریقہ کار ہے ۔










