واشنگٹن/ایجنسیز// صدر امریکہ ٹرمپ نے اس خواہش کا اظہار کیا ہے کہ وہ ایران کے اگلے سربراہ کے انتخاب کے عمل میں کردار ادا کرنا چاہتے ہیں۔رائٹرز کے مطابق صدر ٹرمپ نے کہا کہ ایران کی نئی قیادت کے انتخاب میں میرا ذاتی طور پر شامل ہونا ضروری ہے تاکہ ایسا لیڈر سامنے آئے جو ملک میں امن اور استحکام لائے۔ایک انٹرویو میں ٹرمپ نے مزید کہا کہ سابق ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کے بیٹے مجتبیٰ خامنہ ای کو ایران کی قیادت کیلئے قبول نہیں کیا جا سکتا۔ ایران کو ایسا لیڈر چاہئے جو کشیدگی کے بجائے ہم آہنگی اور امن کی طرف ملک کو لے جائے۔ٹرمپ نے یہ بھی کہا کہ وہ ایرانی سپریم لیڈر کی تقرر میں اسی طرح شامل ہونا چاہتے ہیں جیسے انہوں نے ماضی میں وینزویلا کی سیاست میں کردار ادا کیا تھا۔ اگر ایران میں شدت پسند قیادت سامنے آئی تو مستقبل میں ایک بار پھر کشیدگی اور جنگ کا خطرہ پیدا ہو سکتا ہے۔واضح رہے کہ مجتبیٰ خامنہ ای پاسداران انقلاب سے قریبی روابط ہیں۔










