متعدد وفود اوراَفراد جاوید رانا سے ملاقی

متعدد وفود اوراَفراد جاوید رانا سے ملاقی

سری نگر//وزیر برائے جل شکتی ، جنگلات و ماحولیات و قبائلی اَمور جاوید احمد رانا نے سری نگر میں مختلف عوامی وفود اور اَفراد سے ملاقات کی اور وفود نے انہیں درپیش مسائل اور شکایات سے آگاہ کیا۔جل شکتی کنٹریکٹرز ویلفیئر ایسوسی ایشن کشمیر کے ایک وفد نے وزیر موصوف کو ایک تفصیلی میمورنڈم پیش کی جس میں جل جیون مشن کے تحت مکمل شدہ کام کی واجبات کو جاری نہ کرنے کی وجہ سے ٹھیکیداروںکو درپیش شدید مالی مشکلات کو اُجاگر کیا گیا۔ ایسوسی ایشن نے وزیر کو بتایا کہ ٹھیکیداروںنے منظور شدہ تخمینوں اور تکنیکی وضاحتوں کے مطابق کام مکمل کئے ہیںلیکن ادائیگیاں طویل عرصے سے زیرِ اِلتوأ ہیں جس کے باعث اُن کی مالی حالت متاثر ہو رہی ہے اور جاری منصوبوں کو مکمل کرنا مشکل ہو گیا ہے۔رینج آفیسرز گریڈ دوم کے ایک وفد نے بھی وزیر سے ملاقات کی اور اَپنی ترقیوں سے متعلق مسائل کے فوری حل کے لئے ایک جامع تحریری عرضداشت پیش کی۔وفد نے حکومت سے ترقی کے عمل میں تیزی لانے کی اپیل کی اور کہا کہ طویل عرصے سے ترقی نہ ہونے کی وجہ سے ملازمین کے حوصلے، پیشہ ورانہ ترقی اور محکمے کی مجموعی کارکردگی متاثر ہو رہی ہے۔ایک اور وفد جو واٹر ٹیسٹنگ لیبارٹریوں میں کام کرنے والے ملازمین پر مشتمل تھا، نے وزیرموصوف کو کم اُجرت اور پانی کے معیار کی جانچ سے متعلق سرگرمیوں کے لئے ناکافی مالی معاونت جیسے مسائل سے آگاہ کیا۔اُنہوں نے اِس بات پر زور دیا کہ مختلف واٹر سپلائی سکیموں کے تحت پینے کے پانی کے معیار کو برقرار رکھنے کے لئے لیبارٹری کے بنیادی ڈھانچے کو مضبوط کرنا، مناسب وسائل کی فراہمی اور منصفانہ معاوضے کو یقینی بنانا ضروری ہے۔ مزید برآں،ایک وفد نے سندھ فارسٹ ڈویژن میں دوبارہ تعیناتی کا مطالبہ کیا اور اَپنی سابقہ خدمات اور تجربے کو اُجاگر کیا۔اِن کے علاوہ متعدد دیگر وفود اور اَفراد نے بھی اَپنے اَپنے علاقوں میں ترقیاتی کاموں اور شہری سہولیات سے متعلق عوامی اہمیت کے مسائل اُٹھائے اور ان کے بروقت حل کے لئے وزیر سے مداخلت کی درخواست کی۔وزیرجاوید احمد رانا نے تمام وفود کو بغور سُنا اور اُنہیں یقین دِلایا کہ ان کے جائز مسائل پر متعلقہ محکموں سے مشاورت کے بعد ہمدردانہ غور کیا جائے گا۔اُنہوں نے عوامی شکایات کے ازالے کے لئے حکومت کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے یقین دِلایاکہ ان کے ازالے کے لئے جلد از جلد مناسب اقدامات کئے جائیں گے۔