متعددوفود نے ستیش شرما سے ملاقات کی

متعددوفود نے ستیش شرما سے ملاقات کی

حکومت فعال رابطے اور مسائل کے بروقت حل کیلئے پرعزم ۔ ستیش شرما

سرینگر//وزیر برائے خوراک ، سول سپلائیز اینڈ کنزیومر افئیرز ( ایف سی ایس اینڈ سی اے ) ، ٹرانسپورٹ ، آئی ٹی ، یوتھ سروسز اینڈ سپورٹس مسٹر ستیش شرما نے سرینگر میں ایک وسیع عوامی رابطہ اور شکایات کے ازالے کا سیشن منعقد کیا ، جس دوران مختلف شعبوں سے متعلق مسائل پر تبادلہ خیال کرنے کیلئے کئی وفود اور معززین نے ان سے ملاقات کی ۔ ایم ایل ایز برائے اوڑی ، شوپیاں ، پامپور اور کنگن نے وزیر سے ملاقات کی ۔ ان قانون سازوں نے وزیر کو اپنے حلقوں سے متعلق مخصوص مسائل کے بارے میں آگاہ کیا ۔ مسٹر ستیش شرما نے بروقت مداخلت کا یقین دلایا اور متعلقہ محکموں کو فوری عملدرآمد کی ہدایات دیں ۔ فئیر پرائس شاپ ایسوسی ایشن کے وفد نے سپلائی چین منیجمنٹ اور آپریشنل چیلنجز سے متعلق امور اٹھائے ۔ کیروسین آئل ایسوسی ایشن کے وفد نے تقسیم سے متعلق مسائل کو اجاگر کیا ۔ جے کے آر ٹی سی کے پینشنرز نے بھی وزیر موصوف سے ملاقات کی اور طویل عرصے سے زیر التوا سروس سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا ۔ وزیر نے تمام وفود کو غور سے سُنا اور متعلقہ محکموں کو فوری کارروائی کرنے اور مسائل کو حل کرنے کی ہدایات جاری کیں ۔ فاریسٹ انسپکٹر امتحان کے امیدواروں ، سوشل فاریسٹ ورکرز ، فاریسٹ پروٹیکشن فورس گارڈز ، وائلڈ لائف گارڈز اور مٹن ڈیلرز ایسوسی ایشن کے صدر کے وفود نے بھی وزیر سے ملاقات کی ۔ وفود نے بھرتی کے عمل ، ملازمت کی باقاعدگی ، کام کرنے کے حالات اور مارکیٹ ریگولیشن سے متعلق مسائل اٹھائے ۔ وزیر نے منصفانہ غور و خوض کی یقین دہانی کرائی اور کہا کہ حکومت شفاف بھرتی ، ملازمین کی بہتری بہبود اور تجارت کے ہموار طریقوں کیلئے پرعزم ہے ۔