سرینگر//جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے عبوری سپیکر اور ایم ایل اے عید گاہ مبارک گُل نے آج مالا پور ، کھائیوان سرینگر کا دورہ کیا اور عوام کے مسائل کا جائیزہ لیا ۔ یہ دورہ مقامی باشندوں کی جانب سے حفاظتی صورتحال ، ٹرانسفارمرز کی منتقلی اور علاقے میں نکاسی آب کے مسائل کے حوالے سے اٹھائے گئے حالیہ خدشات کے پس منظر میں کیا گیا ۔ اس موقع پر مختلف عوامی وفود سے گفتگو کرتے ہوئے مبارک گُل نے بنیادی ڈھانچے کو بہتر بنانے اور عید گاہ حلقے کے مکینوں کی حفاظت اور بہبود کو یقینی بنانے کیلئے اپنی لگن کا اعادہ کیا ۔ انہوں نے انہیں یقین دلایا کہ ان کے تمام حقیقی مسائل اور خدشات کو فوری طور پر دور کیا جائے گا ۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو عوام کی طرف سے اجاگر کئے گئے مسائل پر بروقت کارروائی کو یقینی بنانے کی ہدایات بھی دیں ۔ ایگزیکٹو انجینئر کے پی ڈی سی ایل ، یو ای ای ڈی کے سینئر حکام اور دیگر افسران بھی دورے کے دوران عبوری سپیکر کے ہمراہ تھے ۔










