sunday market

ماہ صیام کا آخری عشرہ شروع ہونے سے قبل ہی سنڈے مارکیٹ میں خریداروں کا تانتا

ملبوسات اور اسباب خانہ کی بھاری خریداری کی گئی ،صارفین اور تاجروں میں جوش،ٹریفک جام سے پریشانیاں

سرینگر// ماہ صیام کا آخری عشرہ شروع ہونے سے قبل ہی لالچوک اور اسکے مضافاتی بازاروں میں خریداروں کا رش بڑھ گیا ہے اور اس وقت لوگ زیادہ تر عید تیاریوں میں مصروف ہوگئے ہیں جس کا بیشتر حصہ خوردنی اشیاء اور ملبوسات پر مشتمل ہے ۔آج سنڈے مارکیٹ بھی اسی گہماگہمی کے ساتھ جاری رہا جہاں لوگوں کی کافی تعداد نے آخر خریداری کی ۔اس دوران لالچوک اور اسکے مفصلات و ملحقات میں شدید ٹریفک جام نظر آیا ۔ٹی ای این کے مطابق ماہ صیام کا آخری عشرہ شروع ہوتے ہی بازاروں میں کافی چہل پہل شروع ہوگئی ہے اور لوگ عید تیاریوں میں مصروف نظر آنے لگے ہیں ۔گذشتہ دو روز تک سرینگر سمیت وادی بھر میں موسلا دھار بارشوں کے بعد اتوار کی صبح سے ہی موسم خوشگوار ریہا اور صبح سے ہی لالچوک سے پولوویو تک لگے سنڈے مارکیٹ میں لوگوں کی بھار ی بھیڑ نظر آنا شروع ہوئی اور دوپہر تک لاکھوں لوگوں نے خصوصی سنڈے مارکیٹ میں آکر جم کر خریداری کی ۔دودراز علاقوں سے آئے صارفین نے زیادہ تر عید اور دیگر متبرک ایام کے حوالے سے خریداری کی ۔بڈگام سے تعلق رکھنے والی حنا نے ٹی ای این کو بتایا ’’آج موسم سہانا ہے ،عید قریب آگئی ۔ایام متبرکہ جاری ہیں ۔اس لئے ان اہم ایام میں تیار رہنے کیلئے آج کی سنڈے مارکیٹ سے فائدہ اٹھانے آئے ہیں ۔حنا کے مطابق بڑی خریداری کے وقت وہ لالچوک کے سنڈے مارکیٹ کو ہی ترجیح دیتی ہیں جہاں گھریلو اشیاء کافی سستی ریٹ پر مل جاتی ہیں ۔صورہ کے محمد اسلم نے کہاکہ اس بار انہوں نے بچوں کیلئے نئے کپڑے اور ضروری گھریلو اسباب خریدے ۔انہوں نے کہاکہ یہاں واقعی قیمتوں میں کمی ہوتی ہے اور نسبتا اچھی اشیاء خصوصا اسباب خانہ معقول دام پر دستیاب ہوتے ہیں ۔لالچوک سنڈے مارکیٹ کے ذمہ داران کا کہنا ہے کہ اس بار عید خریداری پہلے ہی شروع ہوئی ہے اور اس وقت لوگ زیادہ تر ملبوسات اور گھروں کی چیزیں جن میں فرنشگ اور دیگر آرائش شامل ہیں ،پر ترجیح دے رہے ہیں ۔اس دوران آج سنڈے ارکیٹ کی وجہ سے لالچوک اور اسکے اطراف میں شدید ٹریفک جام نظر آیا جس کی وجہ سے مسافروں کو مشکلات پیش آئیں ۔ناراض مسافروں کا کہنا تھا کہ محکمہ ٹریفک کو عید ایام کے دوران ٹریفک کو بہتر انداز سے چلانے کیلئے مزید اقدامات کرنے چاہیں تاکہ عام لوگ مشکلات کے شکار نہ ہوں