سرینگر //پولیس نے بڈگام میں لشکرطیبہ کے زمینی بالائی ورکر کو گرفتار کرکے دھماکہ خیز مواداور قابل اعتراض دستاویز برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ کے این ایس کے مطابق پولیس نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ارچندھرما ماگام ریلوے کراسنگ پر پولیس نے ایک ناکہ بٹھایا تھا۔ پولیس نے ایک شخص کو مشکوک حالت میں پایا جس کے پاس بیگ تھا۔ پولیس کاکہنا ہے کہ جب انہوںنے مذکورہ شخص کی طرف رخ کیا تو اس نے فرار ہونے کی کوشش کی تاہم اسے پکڑ لیاگیا۔ پولیس کاکہنا ہے کہ بیگ کی تلاشی کے دوران 1.2کلوگرام دھماکہ خیز مواد اور2الیکٹرانک ڈیٹونیٹر برآمد کئے گئے۔ پولیس نے گرفتار کئے گئے شہری کی شناخت دانش احمد ڈار ولدمحمد اشرف ڈار ساکن چکسری پٹن کے بطور کی ہے۔ پولیس کاکہنا ہے کہ ابتدائی پوچھ تاچھ کے دوران پتہ چلا کہ وہ بڈگام کے متعدد علاقوں میں لشکر طیبہ کے جنگجوئوں کا اعانت کار ہے اور ان کی مدد کرتا ہے۔ پولیس کاکہنا ہے کہ مذکورہ اعانت کارپاکستانی زیر انتظام کشمیر میں جنگجو کمانڈروں سے سوشل میڈیاکے ذریعہ رابطہ میں رہا ہے اور کشمیر میں نام نہاد لشکر طیبہ کمانڈروں سے بھی رابطہ میں تھا۔ اس سلسلہ میں پولیس نے ایف آئی آر زیر نمبر154/2021درج کرکے معاملہ کی مزید تحقیقات شروع کی ہے۔










