لوگ ندی نالوں کا ناصاف پانی پینے پر مجبور ، متعلقہ حکام سے توجہ کی اپیل
سرینگر///جنوبی کشمیر کے ضلع کولگام کے مانی گام ویسو علاقے کی عوام نے پانی کی قلت کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے ناراضگی کا اظہار کیا۔مانی گام گائوں میں لوگوں نے محکمہ جل شکتی کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔ وائس آف انڈیا کے نمائندے امان ملک سے بات کرتے ہوئے مقامی شہری غلام محمد نے کہا ، ‘ہمارے علاقے میں گزشتہ ایک مہینے سے پانی کی فراہمی نہیں کی جارہی ہے اور گائوں میں ہر کوئی پانی کے بحران سے پریشان ہیں۔ روز مرہ کی زندگی میں اگر چہ پانی زندگی کا ایک اہم جز ہے لیکن ہمیں پانی کی ایک ایک بوند کے لئے ترسایا جارہا ہے۔’مقا می لوگوں نے کہا کہ ‘ہم نے پانی کی فراہمی کو بحال رکھنے کے لئے محکمہ جل شکتی کے ہر عہدیدار سے رجوع کیا ہے لیکن کوئی بھی ہماری شکایت پر توجہ نہیں دے رہا ہے۔مقامی لوگوں نے محکمہ جل شکتی پر گائوں میں پانی کی فراہمی کی سہولت کے لئے کوئی توجہ نہیں دینے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ علاقے میں ملازمین مناسب طریقے سے ڈیوٹی نہیں دے رہے ہیں کیونکہ وہ پانی کی قلت کا شکار ہیں۔وہیں لوگوں نے ایل جی انتظامیہ اور ضلع انتظامیہ کولگام سے درخواست کی کہ وہ اس معاملے پر توجہ دیں اور ان کے حقیقی مسئلے کو حل کریں۔ اس معاملے میں جب وی او آئی نمائندے امان ملک نے ای ای محکمہ جل شکتی قاضی گنڈ ڈویڑن کے ساتھ بات کی تو انہوں نے کہا اس علاقے کو پانی کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔










