مالیگاؤں کیس میں بری پروہت کو بریگیڈیئر کے عہدہ پر ترقی

مالیگاؤں کیس میں بری پروہت کو بریگیڈیئر کے عہدہ پر ترقی

ممبئی /یو این آئی// ہندستانی فوج کے افسر پرساد پروہت کو 2008 مالیگاؤں دھماکہ کیس میں برأت کے ایک سال سے بھی کم عرصے بعد بریگیڈیئر کے عہدے پر ترقی دینے کی منظوری دے دی گئی ہے ۔ یہ پیشرفت 54 سالہ افسر کی تقریباً دو دہائیوں پر محیط قانونی اور پیشہ ورانہ جدوجہد کے خاتمہ کی علامت سمجھی جا رہی ہے۔ مالیگاؤں میں 29ستمبر 2008کو ہونے والے دھماکے ، جو نوراتری اور رمضان کے دوران عید سے قبل پیش آیا، میں چھ افراد ہلاک اور 101زخمی ہوئے تھے ۔ یہ واقعہ مہاراشٹرا کے ضلع ناسک میں پیش آیا تھا، جو ممبئی سے تقریباً 300کلومیٹر دور ہے۔ اس مقدمے میں 31جولائی 2025کو این آئی اے عدالت کے خصوصی جج ابھیے لاہوٹی نے ناکافی شواہد کی بنیاد پر تمام سات ملزمان، بشمول پرساد پروہت، کو بری کر دیا تھا۔ اس کے بعد 27ستمبر 2025کو انہیں کرنل کے عہدے پر ترقی دی گئی۔بریت کے بعد پروہت نے مسلح افواج کے ٹریبونل سے رجوع کیا تھا، جس نے ان کی 31مارچ کو ہونے والی ریٹائرمنٹ پر روک لگا دی تھی۔