مارچ میں سرکاری ملازمین کو 13 دن کی طویل تعطیلات

مذہبی تہواروں، ہفتہ وار تعطیلات اور ہنگامی بندشوں سے کام کے دن محدود

سرینگر// یو این ایس / جموں و کشمیر میں سرکاری ملازمین کے لیے مارچ کا مہینہ غیر معمولی طور پر طویل تعطیلات کا حامل ثابت ہو رہا ہے، جہاں سرکاری تقویم، مذہبی تہواروں اور ہفتہ وار چھٹیوں کے امتزاج سے کئی محکموں میں مجموعی طور پر 13 غیر تدریسی و غیر دفتری دن بن رہے ہیں۔سرکاری کیلنڈر کے مطابق تعطیلات کا آغاز 4 مارچ سے ہوا، جب ہولی (صرف صوبہ جموں میں) بینکوں کے لیے تعطیل رہی۔ اس کے بعد 17 مارچ کو شبِ قدر (بینک/یونین ٹیریٹری ہالیڈے)، 19 مارچ کو پہلی نو راترا، 20 مارچ کو جمع? الوداع اور 21 مارچ کو عیدالفطر (چاند کی رویت سے مشروط) بطور سرکاری تعطیل درج ہیں۔ عید کے دوسرے دن بھی عملاً دفاتر میں حاضری کم رہنے کی توقع ہے۔یو این ایس کے مطابق21 مارچ کو نوروز بھی یونین ٹیریٹری سطح پر منایا جائے گا، جبکہ 26 مارچ کو رام نومی سرکاری تعطیل ہوگی۔ اسی روز ضلع جموں میں میلہ باہو قلعہ کی چھٹی بھی منائی جائے گی۔ مہینے کا اختتام 31 مارچ کو مہاویر جینتی کے ساتھ ہوگا جو ضلع جموں تک محدود تعطیل ہے۔اس دوران مارچ میں پانچ اتوار (1، 8، 15، 22 اور 29 مارچ) اور چار ہفتہ وار سنیچر شامل ہیں۔ ان تعطیلات کو تہواروں کے ساتھ ملا کر دیکھا جائے تو خاص طور پر ان ملازمین کے لیے جو ہفتے میں پانچ دن کام کرتے ہیں، غیر تدریسی دنوں کی تعداد 13 تک پہنچ جاتی ہے۔ سیول سیکریٹریٹ جموںمیں پانچ روزہ ورکنگ ویک پہلے ہی نافذ ہے۔ادھر وادی میں 2 اور 3 مارچ کو تعلیمی اداروں کی احتیاطی بندش نے بھی مہینے کے آغاز میں ایک اضافی وقفہ فراہم کیا۔ حکام نے یہ فیصلہ احتجاجی مظاہروں اور خطے میں پیدا شدہ کشیدہ حالات کے پیش نظر کیا تھا۔ بعد ازاں اسکولوں کی بندش 7 مارچ تک بڑھا دی گئی، جس سے طلبہ اور بعض سرکاری اہلکاروں کو مزید غیر رسمی تعطیل میسر آئی۔محکمہ جاتی ذرائع کے مطابق اگرچہ لازمی خدمات فراہم کرنے والے ادارے حسبِ معمول کام جاری رکھیں گے، تاہم عمومی انتظامی دفاتر میں تعطیلات کے بیچ محدود حاضری متوقع ہے۔ مسلسل تعطیلات کے باعث کئی ہفتے صرف دو یا تین عملی کام کے دنوں تک محدود ہو سکتے ہیں، جس سے فائلوں اور زیر التوا امور کی تکمیل کے لیے محکموں کو مختصر مدت میں اضافی نظم و نسق کرنا ہوگا۔رمضان المبارک کے مہینے میں یہ تعطیلات مسلمان ملازمین کے لیے عبادات اور معمولات میں توازن قائم کرنے کا موقع بھی فراہم کر رہی ہیں۔ مختلف مذاہب کے تہواروں کے یکجا ہونے کے باعث مارچ رواں برس انتظامی کیلنڈر کے اعتبار سے غیر معمولی طور پر تعطیلات سے بھرپور مہینہ قرار دیا جا رہا ہے۔