جموںوکشمیر بورڈ آف ٹیکنیکل ایجوکیشن کے ساتھ جاری رہے گا۔ اِنتظامی کونسل
سری نگر//اِنتظامی کونسل کی ایک میٹنگ یہاں لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا کی صدارت میں منعقد ہوئی جس میں لیہہ اور کرگل کے پولی تکنیکوں اور آئی ٹی آئیزکو جموں و کشمیر بورڈ آف ٹیکنیکل ایجوکیشن کے ساتھ الحاق جاری رکھنے کی تجویز کو منظوری دی گئی۔ میٹنگ میںلیفٹیننٹ گورنر کے مشیر راجیو رائے بھٹناگر ، چیف سیکرٹری اَتل ڈولو اور لیفٹیننٹ گورنر کے پرنسپل سیکرٹری مندیپ کے بھنڈاری نے شرکت کی۔ یہ فیصلہ لداخ کے طلبأ کے وسیع تر مفاد میں یوٹی لداخ کی درخواست پر کیا گیا ہے۔ یو ٹی لداخ کا اپنا بورڈ آف ٹیکنیکل ایجوکیشن نہیں ہے اور گذشتہ برس جون 2023 ء کے مہینے میں اِنتظامی کونسل نے تعلیمی سیشن 2024-25 ء کے اِختتام تک جموں و کشمیر بورڈ آف ٹیکنیکل ایجوکیشن کے ساتھ گورنمنٹ پولی تکنیک لیہہ و کرگل اور آئی ٹی آئی لیہہ و کرگل کے الحاق کو جاری رکھنے پر غور وخوض کیا تھا اور اسے منظوری دی تھی۔اَب موجودہ فیصلے سے اس انتظام کو تعلیمی سیشن 2025-26 ء کے اختتام تک یا لداخ یو ٹی کی اِنتظامیہ کی جانب سے اپنا اِنتظام کرنے تک بڑھایا جائے گا۔اِس فیصلے سے جموں و کشمیر بورڈ آف ٹیکنیکل ایگزامنیشن کے شیڈول کیلنڈر کے مطابق لداخ کے پولی تکنیک اور آئی ٹی آئی میں داخلے کے عمل کو آسان بنانے اور اِمتحانات کے بروقت انعقاد میں مدد ملے گی۔










