لیفٹیننٹ گورنر کی صدارت میں یونیفائیڈ ہیڈ کوارٹرز (یو ایچ کیو) میٹنگ منعقد

سری نگر//لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا نے آج راج بھون سر ی نگر میں یونیفائیڈ ہیڈکوارٹرز (یو ایچ کیو) میٹنگ کی صدارت کی تاکہ جموں و کشمیر کی موجودہ سیکورٹی صورتحال کا جائزہ لیا جا سکے۔میٹنگ میں ناردرن آرمی کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل پرتیک شرما، چیف سیکرٹری اَتل ڈولو، ڈِی جی پی نلین پربھات، جی او سی 15 کور لیفٹیننٹ جنرل پرشانت سری واستو، جی او سی 16 کور لیفٹیننٹ جنرل پی کے مشرا، جی او سی 9 کور لیفٹیننٹ جنرل راجن شراوت، ایئر وائس مارشل وِکاس شرما اے او سی جموں و کشمیر ،سپیشل ڈی جی کوآرڈی نیشن پی ایچ کیو)ایس جے ایم گیلانی، پرنسپل سیکرٹری داخلہ چندرکر بھارتی، اے ڈی جی پی سی آئی ڈی نتیش کمار، لیفٹیننٹ گورنر کے پرنسپل سیکرٹری ڈاکٹر مندیپ کے بھنڈاری، مسلح افواج، سی اے پی ایف، جموں و کشمیر پولیس، اِنٹلی جنس ایجنسیوں اور سول انتظامیہ کے سینئر افسران نے شرکت کی۔لیفٹیننٹ گورنر نے یونین ٹیریٹری میں حالیہ کامیاب اِنسدادِ دہشت گردی آپریشنز پر سیکورٹی فورسز، جموں و کشمیر پولیس اور اِنٹلی جنس ایجنسیوں کومُبارک باد دِی۔اُنہوں نے افسران سے کہا،’’دہشت گردی کے خلاف جنگ ابھی ختم نہیں ہوئی۔ کائنیٹک اور نان کائنیٹک آپریشنز جاری رہنے چاہئیں۔ ہمیں اپنی رفتار کو برقرار رکھنا ہوگا اور دہشت گردی اور اس کے مکمل نیٹ ورک کے خلاف سخت کارروائی کرنی ہوگی۔‘‘لیفٹیننٹ گورنر نے سیکورٹی اپریٹس کو مسلسل بہتری لانے اوربڑھتے ہوئے خطرات سے نمٹنے کے لئے پیشگی تیاری اَپنانے کی ہدایت دی۔۔ اُنہوں نے بنیاد پرستی اور منشیات کے خطرے سے مؤثر طور پر نمٹنے کے لئے’’مکمل حکومتی حکمت عملی‘‘ اَپنانے پر زور دیا۔