ایل جی سنہا نے جموں میں اعلیٰ حکام کے ساتھ اعلیٰ سطحی سیکورٹی میٹنگ کی صدارت کی

لیفٹیننٹ گورنر کا این آئی ٹی سری نگر میں’بھارتی زبانوں میں مربوط کاری‘ سے متعلق ایک منعقدہ قومی سمینار سے خطاب

کہا،ہندوستان کا زبانی تنوع اس کی طاقت کا ذریعہ ہے۔ سینکڑوں زبانوں اور بولیوں نے ایک مربوط معاشرہ بنانے میں مدد دی ہے جو تبدیلی اور ترقی کی طرف گامزن ہے

سری نگر//لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا نے کہا کہ امن و استحکام، اتحاد کے جذبے، مشترکہ مقاصد اور مضبوط اِجتماعی شناخت کے ساتھ ہندوستان مضبوط ترقی حاصل کرے گا۔اُنہو ں اِن باتوں کا اِظہار آج یہاں نیشنل اِنسٹی چیوٹ آف ٹیکنالوجی سری نگر اور بھارتیہ بھاشا سمیتی کے زیر اہتمام ’بھارتی زبانوں میں مربوط کاری‘کے موضوع پر ایک منعقدہ قومی سمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ ہندوستان کا زبانی تنوع اس کی طاقت ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ سینکڑوں زبانوں اور بولیوں نے ایک مربوط معاشرے کی تعمیر میں مدد کی ہے جو تبدیلی اور ترقی کی طرف گامزن ہے۔ اُنہوں نے کہا ،’’متنوع پس منظر، زبانوں، بولیوں اور خیالات کے باوجود ایک مشترکہ قومی شناخت اور شعور ہمیں متحد کرتا ہے۔ ہمیں ’کثرت میں وحدت‘ کی طاقت کو قوم کی تعمیر کے لئے بروئے کار لانا چاہیے۔ ہماری کوشش یہ ہونی چاہیے کہ ہندی ایک لازمی پُل کے طور پر کام کرے جو مختلف لسانی پس منظر کے لوگوں کو جوڑتی ہے، دوسری زبانیں سیکھنے کی ترغیب دیتی ہے، باہمی تعاون اور معاشی انضمام کو فروغ دیتی ہے۔‘‘لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ معاشرے کے تمام طبقوں کو چاہیے کہ وہ تمام ہندوستانی زبانوں میں موجود ثقافتی ورثے کو محفوظ رکھنے اور فروغ دینے کی کوشش کریں۔اُنہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ لسانی اِختلافات سے بالاتر ہو کر قوم کو متحد کریں تاکہ ہندوستان کو ’وِکست بھارت‘میں بدلا جا سکے۔منوج سِنہا نے کہا،’’آپ کو نوآباد یاتی ذہنیت کو مکمل طو رپر ختم کر کے ایک شاندار اور ترقی یافتہ ہندوستان بناناہوگا۔‘‘اُنہوں نے کہا کہ پوری دُنیا ہندوستان کو اُمید کی نظر سے دیکھ رہی ہے۔اُنہوں نے کہا،’’اکیسویں صدی ہندوستان کی صدی ہے۔ یہ ایک اٹل حقیقت ہے کہ مسلسل ترقی اور پیداواری صلاحیت ہندوستان کو ایک غالب عالمی طاقت بنا ئے گی۔‘‘
لیفٹیننٹ گورنر نے نوجوان طلبأ کو نئی زبانیں سیکھنے، اپنے نقطہ نظر کو وسیع کرنے اور اختراع کی قیادت کرنے کی ترغیب دی۔اُنہوں نے این آئی ٹی سری نگر کی جانب سے آفیشل لنگویج سیل کے قیام اور ہندی زبان کے فروغ کے لئے کی گئی سرگرمیوں کو سراہا۔اِس موقعہ پر لیفٹیننٹ گورنر نے متنوع زبانوں کے فروغ میں اہم کردار ادا کرنے والے ادیبوں، مصنفین، سکالروں اور محققین کو اعزازات سے نوازا۔تقریب میں قومی سیکرٹری شکھشا سنسکرت اتھن نیاس اتل بھائی کوٹھاری،ڈائریکٹر نیشنل اِنسٹی چیوٹ آف ٹیکنالوجی سری نگر پروفیسر بنودکمار کنوجیا،صوبائی کمشنر کشمیر انشل گرگ، ایس ایس پی سری نگر ڈاکٹر جی وِی سندیپ چکرورتی ، شکھشا اتھن نیاس کے اَرکان ، معروف ادبی شخصیات ، سکالرز، اساتذہ اور طلبأ موجود تھے۔