کہا،اِنسانی وسائل، آر اینڈ ڈِی، انکیوبیشن مراکز اور یونیورسٹی کے بنیادی ڈھانچے میں ہماری سرمایہ کاری جموں و کشمیر کی اِقتصادی ترقی کو آگے بڑھائے گی
سری نگر//لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا نے بدھ کو کہا،’’ہم نے گزشتہ پانچ برسوں میں بڑے پیمانے پر بنیادی ڈھانچہ تیار کیا ہے اور اَب نوجوان پیشہ ور اَفراد کوجموںوکشمیر کی قسمت بدلنے کے لئے ترقیاتی حکمت عملیوں پر مرکوز کرنی چاہیے۔‘‘ اُنہوں نے کہا کہ گزشتہ 5سے6 برسوں میں اِنسانی وسائل، آر اینڈ بی، انکیوبیشن سینٹروں اور یونیورسٹی کے بنیادی ڈھانچے میں کی جانے والی بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری جموں و کشمیر کی اِقتصادی ترقی کو آگے بڑھائے گی۔لیفٹیننٹ گورنر اِسلامک یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی(آئی یو ایس ٹی)کے یومِ تاسیس کی اِختتامی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ اِس موقعہ پر اُنہوں نے آئی یو ایس ٹی انوویشن کیمپس اور اونتی پورہ کے مین کیمپس میں نیا ایڈمنسٹریشن بلاک کابھی اِفتتاح کیا۔اُنہوں نے 2021 سے آئی یو ایس ٹی کی تبدیلی اور یونیورسٹی کی طرف سے داخلہ، سٹارٹ اَپ اِنکیوبیشن، دیرپائی، تحقیق اور اِختراع میں حاصل کردہ اہم کامیابیوں کو اُجاگر کیا۔منوج سِنہا نے کہا،’’تعلیمی پروگرام 2021 ء سے 2025 ء کے درمیان 41 سے بڑھ کر 90 ہو گئے ہیں جن میں بین الشعبہ اور جدید کورسزجیسے کہ اے آئی، روبوٹکس، ڈیزائن یور اون ڈِگری، سپیس ٹیکنالوجی، ڈیٹا سائنسز اور اپرنٹس شپ پر مبنی انڈرگریجویٹ کے سکل کورسز شامل ہیں۔ اُنہوں نے کہا،’’مختلف شعبوں میں درخواستیں 2021 ء میں 3,000 سے بڑھ کر 2025 ء میں 7,600 پہنچ گئی ہیں جس میں مختلف پس منظر کے طلبأ جموں و کشمیر اور دیگر علاقوں سے شامل ہوئے ہیں۔‘‘لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ 2021 ء سے قبل تحقیق کے لئے آئی یو ایس ٹی کو بیرونی فنڈنگ صرف 2 کروڑ روپے سالانہ ملتی تھی مگر چار برسوں میں تحقیق کے لئے زائد اَز 69 کروڑ روپے کی بیرونی فنڈنگ حاصل کی گئی۔اُنہوں نے کہا کہ یونیورسٹی نے2021ء میں زیرو سٹارٹ اپ سے گزشتہ چار برسوں میں 93 سٹارٹ اپس کی انکیوبیشن کی، 225 سے زائد انکیوبیٹوں کی میزبانی کی اور ایوارڈ یافتہ اختراعات کو فروغ دیا جن میں قابل تجدید توانائی ،صحت شعبے اور آئی ٹی میں شاندار کامیابیں شامل ہیں۔اُنہوں نے مزید کہا ،’’32 پیٹنٹ دئے گئے، 77 پیٹنٹ شائع کئے گئے، 33 مزید فائل کئے گئے۔ اس کے علاوہ دو فیکلٹی اراکین کو ان کے شعبے میں ہندوستان کے بہترین سائنسدانوں میں شامل کیا گیا۔ یہ آئی یو ایس ٹی کے لیے باعثِ فخر ہے۔‘‘لیفٹیننٹ گورنر نے آئی یو ایس ٹی کو کم لاگت، توانائی کی بچت کرنے والے مکانات بنانے میں تحقیق واختراعات پر توجہ دینے کی ہدایت دی۔ اُنہوں نے یونیورسٹی سے کہا کہ وہ سڑکوں اور عمارتوں کے تعمیراتی مواد کے مؤثر دوبارہ اِستعمال اور زیادہ دیرپا سڑکوں کے لئے کولڈ مکس ٹیکنالوجی کو فروغ دینے کے طریقے بھی تلاش کرے۔ آئی یو ایس ٹی کو چاہیے کہ وہ مواصلاتی ٹیکنالوجی میں جدید حل فراہم کرے تاکہ ُدور دراز علاقوں تک بغیر روایتی سگنل ٹاوروں کے رسائی ممکن ہو۔اُنہوں نے کہا کہ دہشت گردی جموں و کشمیر کے نوجوانوں کی سب سے بڑی دشمن رہی ہے اور اس نے ان کے خوابوں اوراُمنگوں کو تباہ کر دیا۔ اَب ہمارے نوجوان اور پیشہ ور اپنے خواب پورے کر رہے ہیں اور اپنی خواہشات کو حاصل کر رہے ہیں۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا،’’تاہم، ہمارا پڑوسی ملک اور ان کے کچھ دہشت گرد عناصر یہاں بیٹھ کر اس ترقی کو خراب کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ہمیں ایسے ماحول کے خلاف چوکس رہنا چاہیے اور مل کر ان کی کوششوں کو ناکام بنانا چاہیے۔ جموں و کشمیر نے اپنی نئی تقدیر، نئی شناخت اور نئے خواب تراشے ہیں۔ اس کی ہر قیمت پر حفاظت کرنی ہوگی اور جو عناصر ہمارے نوجوانوں کے خوابوں کو چکنا چور کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، ان سے سختی سے نمٹا جائے گا۔‘‘تقریب میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری ہائیر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ شانت منو،وائس چانسلر آئی یو ایس ٹی پروفیسر شکیل اے رومشو، وائس چانسلر کشمیر یونیورسٹی پروفیسر نیلوفر خان، ڈائریکٹر سکمز پروفیسر ایم اشرف گنائی، ڈین اکیڈمک افیئرز پروفیسر اے ایچ مون، رجسٹرار آئی یو ایس ٹی پروفیسر عبدالواحد، سینئر افسران، شعبہ جات کے سربراہان، فیکلٹی ممبران اور طلبا و طالبات موجود تھے۔










