لیفٹیننٹ گورنر نے 79 ویں یوم آزادی کے موقعہ پر سری نگر کے راج بھون میں قومی پرچم لہرایا

سری نگر//لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا نے 79ویںیوم آزادی کے موقعہ پر سری نگر کے راج بھون میں قومی پرچم لہرایا اور اسے سلامی پیش کی۔ اِس موقعہ پر اُنہوں نے پوری قوم کو دِل کی گہرائیوں سے یومِ آزادی کی مُبارک باد اور نیک خواہشات پیش کیں۔لیفٹیننٹ گورنر نے مجاہدین آزادی ،پولیس ، فوج اور سی اے پی ایف کے بہادر جوانوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ اُنہوں نے اُن شہریوں کو بھی خراجِ عقیدت پیش کیا جنہوں نے چسوٹی کشتواڑ میں بادل پھٹنے سے اَپنی جانیں گنوائیں۔اُنہوں نے کہا،’’آیئے اس یوم آزادی پر ہم یہ عہد کریں کہ اس تاریخی سفرِ امن و ترقی میں کوئی فرد یا گاؤں پیچھے نہ رہ جائے۔ جب ہم ترنگے کو بلند ہوتے دیکھتے ہیں ، تو ہمیں فخر، اعتماد اور اُمید کے ساتھ جموں و کشمیر کی ایک روشن اور بہتر مستقبل کی طرف دیکھنا چاہیے۔‘‘
لیفٹیننٹ گورنر نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر جاری کردہ پیغام میں کہا،’’79 ویں یوم آزادی کے موقعہ پر سری نگر کے راج بھون میں قومی پرچم لہرایا۔ میں سب کو دل سے یوم آزادی کی مُبار ک باد دیتا ہوں۔ یہ وہ دن ہے جب ہم اپنے ترنگے کو سلام کرتے ہیں اور فخر محسوس کرتے ہیں کہ یہ آسمان کی بلندیوں پر لہرا رہا ہے۔‘‘میں اپنے تمام شہریوں کے ساتھ مل کر اُن مجاہدین آزادی کو سلام پیش کرتا ہوںجن کی بے مثال قربانیوں نے ہمیں آزادی دِلائی۔ میں اُن بے گناہ شہریوں کو بھی خراج پیش کرتا ہوں جو 22 ؍اپریل کو پہلگام میں پاکستان نواز دہشت گردوں کے حملے میں شہید ہوئے۔میں’آپریشن سندور‘ اور ’آپریشن مہادیو‘میں شامل ہمارے بہادر سپاہیوں، افواج، سیکورٹی، انٹلی جنس ایجنسیوں اور جموں کشمیر پولیس کے تمام اہلکاروں کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے اس حملے کا منہ توڑ جواب دیا۔ چسوٹی کشتواڑ میں بادل پھٹنے سے متاثرہ کنبوںکے ساتھ میری دلی ہمدردی ہے۔ یہ سانحہ اِنتہائی افسوسناک ہے۔ متاثرین کی مدد کے لئے اِمدادی کارروائیاں جنگی بنیادوں پر جاری ہیں۔یہ ہمارا فرض ہے کہ ہم اپنی مقدس مادر وطن سے ایک ایک دہشت گرد کا صفایا کریں۔ ہماری افواج، سی اے پی ایف اور جموں وکشمیر پولیس اِس مقصد کے لئے پُرعزم ہیں۔ عوام کے حب الوطنی سے بھرپور جذبے اور اِجتماعی کوششوں سے جموں و کشمیر کو دہشت گردی سے مکمل پاک کیا جائے گا۔ہمیں ایک مقصد، ایک عزم کے ساتھ کام کرنا ہے تاکہ جموں و کشمیر کو ہر شعبے میں مضبوط اور خود انحصاربنایا جا سکے۔ ہمیں مساوات اور خوشحالی کے ہدف کے لئے خود کو وقف کرنا ہوگا۔آیئے، ہم کسانوں، نوجوانوں اور خواتین کی زِندگی کو بہتر بنانے کے لئے خود کو وقف کریں۔ دیہی معیشت کو فروغ دیں اور محنت کش طبقے کو بااِختیار بنا کر ایک بہتر سماج کی تعمیر کریں۔آئیے ، ہم سب اِس یوم آزادی پر یہ عہد کریں کہ کوئی بھی فرد یا گاؤں اس تاریخی سفر میں پیچھے نہ رہ جائے۔ ترنگے کو بلند ہوتا دیکھ کر ہمیں ایک روشن، پُراُمید اور خوشحال جموں و کشمیر کی طرف بڑھنا ہے۔‘‘