سری نگر// لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہانے یوٹی یوم تاسیس کے موقعہ پر آج بخشی سٹیڈیم میں فٹ بال اَنڈر 19 اور والی بال اَنڈر 17بوائز میں 67 ویں نیشنل سکول گیمز کا اِفتتاح کیا۔ کھیلوں کے اِس میگا ایونٹ میں صوبہ کشمیر کے 15,000 سکولی بچے اور ملک بھر سے 2,000 ایتھلیٹس حصہ لے رہے ہیں۔ لیفٹیننٹ گورنر نے اَپنے خطاب میں حصہ لینے والے کھلاڑیوں کے لئے اَپنی نیک خواہشات کا اِظہار کیا۔ اُنہوں نے کہا کہ کھیلوں کا یہ باوقار ایونٹ محکمہ اَمورِ نوجوان و کھیل کود جموں و کشمیر اور سکول گیمز فیڈریشن آف اِنڈیا (ایس جی ایف آئی) کے درمیان مشترکہ کوشش ہے جو نچلی سطح کے کھیلوں کے لئے ان کی لگن کی علامت ہے۔اُنہوں نے کہا کہ 28 ریاستوں، 8 یوٹیز اور ایس جی ایف آئی سے تسلیم شدہ متعدد بورڈوں کی شرکت کے ساتھ یہ ایونٹ صحیح معنوں میں ہندوستان کے کھیلوں کے منظر نامے کے تنوع اور جامعیت کی نمائندگی کرتاہے ۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا،’’ آج بین الاقوامی کھیلوں کے میدانوں میں ترنگا بلند ہو رہا ہے۔ چھوٹے گائوں اور قصبوں سے نامور کھلاڑی اُبھر رہے ہیں اور اُنہوں نے اَپنی شاندار کارکردگی سے بین الاقوامی کھیلوں کے مقابلوں میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے ۔‘‘اُنہوں نے کہا کہ ملک کھیلوں کی بحالی اور کھیلوں کے ایک مضبوط نئے کلچر مشاہدہ کررہا ہے ۔ اُنہوں نے کہا کہ ایشین گیمز او رایشین پیرا گیمز میں ہماری حالیہ کامیابیوں نے ہمارے ایتھلیٹس کی شاندار کارکردگی سے اولمپکس میں نئی بلندیوں کو حاصل کرنے کے لئے مزید تبدیلی لانے کی اُمیدیں روشن کی ہے ۔لیفٹیننٹ گورنر نے افتتاحی تقریب میں وزیر اعظم نریندر مودی کی رہنمائی میں کھیلوں کا ایک مضبوط ماحولیاتی نظام تشکیل دینے اور اِس شعبے میں جموںوکشمیر کی حقیقی صلاحیت کا ادراک کرنے کے لئے جموںوکشمیر یوٹی اِنتظامیہ کی کوششوں کا اشتراک کیا ۔اُنہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر نے مناسب بنیادی ڈھانچے سے کھیلوں اور کھیلوں کے کلچر کی ترقی کے منصوبے کے ساتھ ایک نئی شروعات کی ہے، کھیلوں کو تعلیمی نصاب کے لازمی حصے کے طور پر متعارف کیا ہے، ماہرین تک رَسائی اور کوچنگ اور یوٹی بھر میں باصلاحیت افراد کو مواقعی فراہم کر رہے ہیں۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ حال ہی میں اِختتام پذیر ہونے والے ایشین پیرا گیمز میں جموں و کشمیر کے کشتواڑ سے تعلق رکھنے والی ہونہار تیرانداز شیتل دیوی نے تین تمغے جیت کر ایک نئی تاریخ رقم کی ہے۔اُنہوں نے کہا کہ یہ ہماری اِجتماعی ذمہ داری ہے کہ ہم ان جیسے باصلاحیت افراد کی شناخت کریں اور ان کے مستقبل کے لئے نئی راہیں تیار کریں۔لیفٹیننٹ گورنرمنوج سِنہا نے شرکا ٔکو کھیل کے قواعد کا احترام کرنے اور ان پر عمل کرنے اور منصفانہ کھیل کے جذبے کے ساتھ حلف دِلایا۔اِس موقعہ پربخشی سٹیڈیم میں کھلاڑیوں، نوجوانوں اور افسروں نے ’راشٹریہ ایکتا دیوس‘ کا حلف بھی لیا۔اِس موقعہ پر لیفٹیننٹ گورنر کے مشیرراجیو رائے بھٹناگر، کمشنر سیکرٹری جی اے ڈی سنجیو ورما،سیکرٹری امورِ نوجوان و کھیل کود سرمد حفیظ،سیکرٹری جے اینڈ کے سپورٹس کونسل محترمہ نزہت گل، ایس جی ایف آئی کے افسران، سول اور پولیس اَنتظامیہ کے سینئر افسران، ٹیم منیجرز، کوچز، کھیلوں کی ممتاز شخصیات اور نوجوانوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔










