لیفٹیننٹ گورنر نے گلمرگ میں چھٹے کھیلو اِنڈیا وِنٹر گیمز کا اِفتتاح کیا

لیفٹیننٹ گورنر نے گلمرگ میں چھٹے کھیلو اِنڈیا وِنٹر گیمز کا اِفتتاح کیا

گلمرگ کی اس سکی ڈھلوانوں پر، کھلاڑی کی شناخت صرف کارکردگی پر منحصر ہوتی ہے،ہر نتیجہ آپ کی مہارت، نظم و ضبط اور ثابت قدمی کی عکاسی کرتا ہے، نئے چمپئن تیار کرتا ہے۔ لیفٹیننٹ گورنر نے سکیئرز سے کہا

گلمرگ//لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا نے پیر کے روز گلمرگ میں کھیلو اِنڈیا وِنٹر گیمز کے چھٹے ایڈیشن کا اِفتتاح کیا۔اُنہوںنے تمام حصہ لینے والے کھلاڑیوں اور ٹیم آفیشلز کا خیرمقدم کیا اور اَپنی نیک خواہشات کا اِظہار کیا۔اُنہوں نے کہا کہ گلمرگ میں کھیلو اِنڈیا وِنٹر گیمز ایک سادہ کھیلوں کے ایونٹ سے ایک حقیقی قومی میلے میں تبدیل ہو گیا ہے۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا،’’’’کھیلو اِنڈیا وِنٹر گیمز کھیلوں کی روح کے آئیڈیاز یعنی امن، مساوات، اور ہم آہنگی کو دوبارہ زندہ کرتی ہیں۔ ہماری متنوع رنگا رنگ قوم میں جہاں زبانیں، ثقافتیں اور روایات بے شمار ہیں، گلمرگ میں وِنٹر گیمز ایک عالمی زبان اور مشترکہ ورثے کی حیثیت رکھتی ہیں۔‘‘اُنہوں نے کہا ،’’گلمرگ میں ہونے والے سرمائی کھیل زِندگی کے نئے چیلنجوں کی عکاسی کرتے ہیںجو مستقبل کی کامیابیوں کو آگے بڑھانے والی مضبوطی پیدا کرتے ہیں۔ گرنا، غلطیوں کا تجزیہ کرنا، اوپر اٹھنا بہتری یہ کھیلوں کے اصل اسباق ہیںجنہیں سکیئرز یہاں عملی طور پر سیکھیں گے۔‘‘لیفٹیننٹ گورنر نے اِس بات پر زور دیا کہ کھیلو اِنڈیا وِنٹر گیمز کا وسیع تر مقصد قومی یکجہتی کو مضبوط بنانا ہے۔اُنہوں نے کہا کہ یہ میگا وِنٹر سپورٹس ایونٹ ہمارے ملک کی کھیلوں کی میراث، اس کی یکجہتی واتحاد اور کھیلوں کی تبدیلی کی طاقت کا فیسٹول ہے جو ہر شہری اور کھلاڑی کو جوڑتی ہے اوراُن کے عزم کو جِلا بخشتی ہے اور مضبوط کردار تشکیل دیتی ہے۔ لیفٹیننٹ گورنر نے کہاکہ سخت مقابلہ مشترکہ گفتگو اور دیرپا دوستی پیدا کرتی ہے، جو اِس بات کا ثبوت ہے کہ صحت مند مسابقت اور باہمی احترام ساتھ ساتھ چل سکتے ہیں۔ آج ہمارے لوگوں کو اس جذبے کی پہلے سے کہیں زیادہ ضرورت ہے۔ جب آپ ان سکی ڈھلوانوں پر دوڑیں تو یاد رکھیں: تنوع ہماری طاقت ہے، تقسیم نہیں۔ کھیلو اِنڈیا ہمیں یاد ِدِلاتا ہے کہ ہماری زبانیں مختلف ہو سکتی ہیں، مگر ہمارے مقاصد اور اقدار ہمیں متحد کرتے ہیں۔اُنہوں نے کہا کہ جب مختلف ریاستوں کے کھلاڑی ایک ساتھ تربیت حاصل کرتے، سخت مقابلہ کرتے اور ایک دوسرے کی حوصلہ اَفزائی کرتے ہیں تو زبان، ثقافت اور خطے کی رُکاوٹیں کھیلوں کے جذبے کے سامنے ختم ہو جاتی ہیں۔
لیفٹیننٹ گورنر نے لینے والے کھلاڑیوں پر زور دیا کہ وہ سپورٹس مین شپ کے اعلیٰ ترین معیار کو برقرار رکھیں اور اُنہیں پورے ٹورنامنٹ میں اَپنی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کی ترغیب دی۔اُنہوں نے کہا کہ گلمرگ کی اس سکی ڈھلوانوں پر، کھلاڑی کی شناخت صرف کارکردگی پر منحصر ہوتی ہے،ہر نتیجہ آپ کی مہارت، نظم و ضبط اور ثابت قدمی کی عکاسی کرتا ہے، نئے چمپئن تیار کرتا ہے۔منوج سِنہا نے کہاکہ الپائن سکیئنگ، نارڈک سکیئنگ، سنو بورڈنگ اور سکی ماؤنٹینیئرنگ جیسے مقابلوں میں کھلاڑیوں کی سخت تربیت اور لگن نمایاں ہوگی۔‘‘اُنہوںنے گزشتہ چند برسوں میں وزیر اعظم نریندری مودی کی قیادت میں جموں و کشمیر میں کھیلوں کے شعبے میں آنے والی تبدیلیوں پر بھی بات کی۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ پرائم منسٹر ڈیولپمنٹ پیکیج( پی ایم ڈِی پی) کے تحت جدید کھیلوں کے بنیادی ڈھانچے کا قیام اور 100 کھیلو اِنڈیا سینٹروں کے قیام نے کھیلوں کے منظرنامے کو نئی شکل دی ہے۔ اُنہوں نے اِس بات پرزور دیا کہ جدید اِنفراسٹرکچر، جموں و کشمیر کے نوجوانوں کی صلاحیت اور لگن اور مخلص اَفسران کی فعال تعاون نے اس شعبے کو بڑے پیمانے پر تحریک فراہم کی ہے۔اُنہوںنے کہا کہ اصل کردار صرف فتح میں نہیں بلکہ مشکلات میں بھی ظاہر ہوتا ہے اور ایک حقیقی کھلاڑی کامیابی میں عاجز اور شکست میں باوقار رہتا ہے۔لیفٹیننٹ گورنر کہا کہ 26 ؍فروری کو چھٹے کھیلو اِنڈیا وِنٹر گیمز کی اختتامی تقریب میں کامیابی کا اندازہ صرف تمغوں سے نہیں بلکہ اتحاد، باہمی احترام اور بہترین کارکردگی کے جذبے سے کیا جائے گا۔ ہندوستان کے معروف سرمائی کھیلوں کے مرکز گلمرگ میں منعقد ہونے والے چار روزہ کھیلو اِنڈیا وِنٹر گیمز میں میں مختلف ریاستوں اور یوٹیز سے تقریباً 1000 کھلاڑی اور اَفسران مختلف مقابلوں میں شرکت کریں گے۔اِفتتاحی تقریب میں وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ، وزیر برائے اَمورِ نوجوان و کھیل کود ستیش شرما،وزیر اعلیٰ کے مشیر ناصر اسلم وانی ،رُکن اسمبلی گلمرگ فاروق احمد شاہ،،چیف سیکرٹری اَتل ڈولو،کمشنر سیکرٹری اَمور نوجوان و کھیل کود شاہد اقبال چودھری ، آئی جی پی کشمیر وِی کے بردی،صوبائی کمشنر کشمیر انشل گرگ، کمانڈنٹ ہائی آلٹیٹیوڈ وارفیئر سکول میجر جنرل پونیت ڈوول، ضلع ترقیاتی کمشنر بارہمولہ منگا شیرپا، سیکرٹری جموںوکشمیر سپورٹس کونسل نزہت گُل ، سینئر اَفسران، سپورٹس اَتھارٹی آف اِنڈیا اور مختلف کھیلوں کی تنظیموں کے نمائندگان اورکھیلوں کے شائقین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔