لیفٹیننٹ گورنر نے کووِڈ۔19 سے متاثرہ کنبوں کیلئے ایس اے ایس سی ایم سماجی تحفظ سکیم کا آغاز کیا

سری نگر//لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا نے کووِڈ ۔19کی وجہ سے متاثرہ بچوں او راہل خانہ کو سکالر شپ اور پنشن سرٹیفکیٹ کی گرانٹ دیتے ہوئے کووِڈ مورٹیلیٹز کے لئے خصوصی اِمدادی سکیم (ایس اے ایس سی ایم ) کا آغاز کیا۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ جموں وکشمیر حکومت اِس وبائی اَمراض میں اَپنے والدین کو کھونے والے بچوں کی مدد کے لئے پُر عزم ہے۔ اِنتظامیہ ان کی فلاح وبہبود اور تعلیم کے لئے تمام ضروری اِقدامات کرے گی تاکہ اُن کا روشن مستقبل بن سکے۔اُنہوں نے کہا کہ ہم اُن کنبوں کے ساتھ اِظہار ِ یکجہتی کرتے ہیں جو وَبائی اَمراض کی وجہ سے کمائی والے رُکن سے محروم ہوگئے ہیں ۔اُنہوں نے کہا کہ پنشن کے علاوہ ہر ممکن کوشش کی جائے گی کہ وہ باوقار زندگی گزاریں اور انہیں کوئی مالی پریشانی نہ ہو۔اُنہوں نے مزید کہا کہ ہمارا فرض اور پوری ذمہ داری ہے کہ ہم اِن کنبوں کی مددکریں ، معاشی بحالی اور ان کی زندگی میں استحکام کو یقینی بنائیں۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ متاثرہ کنبوںکو تفویض کرنے کے لئے محکمہ سوشل ویلفیئر میں ایک خصوصی سیل تشکیل دیا گیا ہے جس میں حکومت کی سرپرستی میں فلاحی منصوبوں کے تحت فوائد کو تلاش کرنے اور ان کی سہولیت فراہم کی جاسکتی ہے۔اُنہوں نے کہا کہ اِنتظامیہ ہر متاثرہ کنبہ تک مالی امداد پہنچائے گی اگر وہ خود روزگار کے لئے اپنا کاروبار یا کوئی دوسرا منصوبہ شروع کرنے کے لئے رضامند ہوں ۔ اِس کے علاوہ انہیںتربیت اور بازار سے رابطے فراہم کریں گے۔محکمہ سوشل ویلفیئر کے اَفسران اور تمام ضلع ترقیاتی کمشنران کو ہدایت دی گئی کہ وہ ان کنبوںکی نشاندہی کریں جو کووِڈ کی وجہ سے اَپنے عزیزوں کو کھوچکے ہیں تاکہ ان کو معاشرتی تحفظ اور دیگر ضروری مدد فراہم کی جاسکے۔لیفٹیننٹ گورنر نے ضلعی سماجی بہبود کے اَفسران کو ہدایت دی کہ وہ چوبیس گھنٹے مدد فراہم کرنے کے لئے اَپنے اَپنے علاقوں میں ایسے کنبوں کا باقاعدہ دورہ کریں۔اُنہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے کورونا سے متاثرہ بچوں کی مدد او ربااِختیار بنانے کے لئے ’’ بچوں کے لئے وزیراعظم کی دیکھ بھال ‘‘ کے نام سے ایک الگ سکیم بھی شروع کی ہے جس سے ہمارے یوٹی کے اہل خانہ کو فائدہ ہوگا۔اُنہوں نے مزید کہا کہ تمام متعلقہ اَفسران کو یہ یقینی بنانا چاہیئے کہ تمام متاثرہ کنبوں میں’ وزیر اعظم کی دیکھ بھال‘ سکیم کے فوائد فراہم کئے جائیں۔لیفٹیننٹ گورنر نے محکمہ سوشل ویلفیئر کی کوششوں کو بھی سراہا جو سکالر شپ او رپنشنری سپورٹ کے لئے 512 سے زیادہ مستفید اَفراد کی نشاندہی کرتے ہیں اور اِس سکیم کے تحت جلد از جلد صد فیصدہدف حاصل کرنے کے لئے کہا۔واضح رہے کہ’ ایس اے ایس سی ایم‘ سکیم کے تحت شریک حیات او رکنبہ کے سب سے بڑے ممبر کو ماہانہ 1000 روپے نقد امداد فراہم کی جائے گی۔ اِس کے علاوہ سکیم میں سکول جانے والے طلباء کے لئے سالانہ 20,000 روپے او رکالج جانے والے طلاب کے لئے 40,000 روپے سالانہ سکالرشپ فراہم کی جاتی ہے ۔اُنہوں نے کہا کہ پریشانی میں مبتلا کنبہ دو بچوں کے لئے وظیفے کے اہل ہوگا ، اگر انہیں کوئی دوسرا وظیفہ نہیں مل رہا ہے ۔اِس کے علاوہ دیگر تمام سماجی بہبود سکیموں کے فوائد جن میں پنشن وغیرہ شامل ہیں کے اہل خانہ تک توسیع کی جائے گی۔اِس موقعہ پرلیفٹیننٹ گورنر کے مشیر فاروق خان ، چیف سیکرٹری ڈاکٹر ارون کما ر مہتا ، لیفٹیننٹ گورنر کے پرنسپل سیکرٹری نتیشور کمار ، صوبائی کمشنر کشمیر پانڈورانگ کے پولے ، سیکرٹری محکمہ سوشل ویلفیئر شیتل نندا ، تمام اضلاع کے ضلع ترقیاتی کمشنران ذاتی طور پر اور بذریعہ ورچیول موڈ موجود تھے۔