لیفٹیننٹ گورنر نے کشمیر یونیورسٹی کی 84 ویں یونیورسٹی کونسل میٹنگ کی صدارت کی

سری نگر// لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہانے اتوار کے روز لوک بھون سری نگر میں کشمیر یونیورسٹی کی 84ویں یونیورسٹی کونسل میٹنگ کی صدارت کی۔لیفٹیننٹ گورنر جو یونیورسٹی کے چانسلر بھی ہیں، نے قومی تعلیمی پالیسی ۔2020کے مطابق جدید، بین الشعبہ جاتی اور مہارت پر مبنی تعلیمی پروگرام متعارف کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔اُنہوں نے کہا کہ یونیورسٹی کو اِختراع، روزگار کے مواقع اور صنعت کاری پر توجہ دینی چاہیے،اِس بات کو یقینی بنا نا چاہیے کہ تعلیمی اقدامات مقامی اور علاقائی ترقیاتی ضروریات کے مطابق ہوں۔ چانسلر نے اُبھرتی ہوئی تعلیمی اور صنعتی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے مربوط اور پیشہ ورانہ پروگراموں کو مضبوط کرنے کا مشورہ بھی دیا۔لیفٹیننٹ گورنر کی صدارت میں منعقد ہ یونیورسٹی کونسل میٹنگ میں کئی اہم تعلیمی اور اِنتظامی ایجنڈا نکات کو اصولی منظوری دی گئی۔ ان میں غیر ملکی (بین الاقوامی) طلبأکے داخلے کے لئے نظرثانی شدہ پالیسی میکانزم کو اپنانا،ڈیپارٹمنٹ آف ارتھ سائنسز کا نام تبدیل کر کے ڈیپارٹمنٹ آف جیولوجی رکھنااوراپلائیڈ جیولوجی، ٹوراِزم اینڈ ٹریول مینجمنٹ، ڈیٹا سائنس و آرٹیفیشل اِنٹلی جنس اور ہوم سائنس میں پانچ سالہ اِنٹگریٹیڈ ماسٹر پروگرام متعارف کرنا شامل ہے۔کونسل نے سینٹر فار ڈسٹنس اینڈ آن لائن ایجوکیشن (سی ڈِی او اِی) کے ذریعے پیش کئے جانے والے ایم اے ہسٹری کے پروگرام پروجیکٹ رِپورٹ (پی پی آر) پر بھی غورخوض کیا اور منظوری دی۔ پانچ سالہ اِنٹگریٹیڈ پروگراموں میں داخلہ لینے والے طلبا کے لئے میرٹ اور میرٹ کم مینز سکالرشپ سکیموں میں توسیع کی منظوری دی گئی۔ مزید برآں،کونسل نے ڈیٹا سائنس اور آرٹیفیشل اِنٹلی جنس میں ایف وائی آئی ایم پی سمیت پانچ سالہ اِنٹگریٹیڈ پروگراموں کے ضوابط کی منظوری دی گئی اور پی ایچ ڈِی پروگرام سے متعلق قوانین کو اَپنانے کے بارے میں ڈینز کمیٹی کی سفارشات پر تبادلۂ خیال کیا۔یونیورسٹی کونسل نے این اِی پی۔2020 کے تحت ڈگریوں کے ناموں میں تبدیلی کے سلسلے میں اَنڈرگریجویٹ پروگراموں(یو جی پی۔2022) کے قوانین میں ترمیم اور سرٹیفکیٹس، ڈپلومہ جات اور ڈِگریوں کے لئے معیاری فارمیٹس کو اَپنانے کی تجاویز کی بھی منظوری دی۔ اِس کے علاوہ اِنسٹی چیوٹ آف میوزک اینڈ فائن آرٹس، کشمیر یونیورسٹی اور جموں و کشمیر اکیڈمی آف آرٹ، کلچر اینڈ لنگویجزسری نگر کے اِشتراک سے خطاطی میں دو سالہ ڈپلوما پروگرام کے آغاز کی تجویز بھی منظور کی گئی۔یونیورسٹی کونسل نے تعلیمی امور سے متعلق ایجنڈا کے تحت اہم تعلیمی تجاویز کو بھی اصولی منظوری دی۔ اِن میں کپواڑہ کیمپس میں اِنسٹی چیوٹ آف نرسنگ اینڈ پیرا میڈیکل سائنسز کا قیام، سینٹر فار ڈسٹنس اینڈ آن لائن ایجوکیشن (سی ڈِی او اِی) کے ذریعے فوجداری اِنصاف میں ڈپلوما پروگرام کا آغاز اور میڈیا ایجوکیشن ریسرچ سینٹر (ایم اِی آر سی) میں پانچ سالہ اِنٹگریٹیڈماسٹر پروگرام (ایف وائی آئی ایم پی) کا تعارف شامل ہے۔مزید برآں، یونیورسٹی کونسل نے زبانوں اور علومِ انسانی کے مختلف شعبوں میں پانچ سالہ اِنٹگریٹیڈ ماسٹر پروگراموں (ایف وائی آئی ایم پی)متعارف کرنے کی تجاویز کی منظوری دی۔ ان میں ہندی، لسانیات و انگریزی زبان کی تدریس، فارسی، سنسکرت اور کشمیری شامل ہیں۔ کونسل نے نوٹ کیا کہ ان پروگراموں کا تعارف کثیر لسانی تعلیم، ثقافتی ورثے کے تحفظ اور کلاسیکی و علاقائی زبانوں میں جدیدتعلیم کو فروغ ملے گا۔کونسل نے متعدد تعلیمی، ریگولیٹری اور اِدارہ جاتی امور پر تفصیلی غور و خوض کیا جن کا مقصد اِنتظامی ڈھانچے کو مضبوط بنانا اور یونیورسٹی میں تدریس، سیکھنے اور تحقیق کے مجموعی معیار کو بہتر بنانا ہے۔اِس سے قبل وائس چانسلر کشمیر یونیورسٹی پروفیسر نیلوفر خان نے ایجنڈا نکات کونسل کے سامنے غور و توثیق کے لئے پیش کئے۔ اُنہوں نے کونسل کو یونیورسٹی کی تعلیمی، تحقیقی اور اِدارہ جاتی کامیابیوں سے بھی آگاہ کیا۔اِس موقعہ پر کشمیر یونیورسٹی نے تحقیق اور تعلیم میں تعلیمی اِشتراک کو فروغ دینے کے لئے سدھارتھ یونیورسٹی اُتر پردیش کے ساتھ مفاہمت نامے پر دستخط کئے۔میٹنگ میں وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ، وائس چانسلر جموں یونیورسٹی پروفیسر اُمیش رائے،وائس چانسلر کلسٹر یونیورسٹی سری نگر پروفیسر محمد مبین، وائس چانسلر کلسٹر یونیورسٹی جموں پروفیسر کے ایس چندر شیکھر، ایڈیشنل چیف سیکرٹری اعلیٰ تعلیم شانت منو، پرنسپل سیکرٹری فائنانس ڈیپارٹمنٹ سنتوش دی ویدیا، لیفٹیننٹ گورنر کے پرنسپل سیکرٹری ڈاکٹر مندیپ کے بھنڈاری، اِنتظامی سیکرٹری منصوبہ بندی ،ترقی و نگرانی محکمہ ڈاکٹر آشیش چندر،وائس چانسلر سدھارتھ یونیورسٹی اُتر پردیش پروفیسر کویتا شاہ، سابق ڈائریکٹر و پروفیسر (کیمیکل ا،نجینئرنگ) راجیو گاندھی انسٹی چیوٹ آف پیٹرولیم ٹیکنالوجی، امیٹھی پروفیسر اے ایس کے سنہا، رجسٹرار کشمیر یونیورسٹی اور یونیورسٹی کونسل کے سیکرٹری پروفیسر نصیر اِقبال، ڈین،سکول آف بزنس سٹیڈیز کشمیر یونیورسٹی پروفیسر مشتاق احمد درزی سمیت دیگر کونسل اراکین اور سینئر افسران نے ذاتی طور پر اور بذریعہ ورچیول موڈ شرکت کی۔