کہا، سچی عقیدت بے لوث خدمت میں ہے اور حقیقی عقیدت ہمدردی میں پائی جاتی ہے
جموں// لیفٹیننٹ گورنر شری منوج سنہا نے جمعہ کے روز اُتر پردیش کے وارانسی میں شری بابا کاشی وشوناتھ سیوا سمیتی کی ’سلور جوبلی ‘کے موقعہ پر منعقدہ یادگاری تقریب میں شرکت کی۔لیفٹیننٹ گورنر نے اَپنے خطاب میں شری بابا کاشی وشواناتھ سیوا سمیتی کی25 سالہ لگن اور خدمت کے عزم کی ستائش کی۔ ُنہوں نے کہا ،’’سچی عقیدت بے لوث خدمت میں ہے اور حقیقی عقیدت ہمدردی میں پائی جاتی ہے۔‘‘لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ سالانہ شری امرناتھ جی یاترا کے دوران چندن واڑی بیس کیمپ میں یاتریوں کی خدمت کرنے والی یہ سمیتی عقیدے اور عمل کے درمیان ایک مضبوط پل بن چکی ہے اور بے لوث خدمت کے ساتھ سماجی مثال قائم کی ہے۔ اُنہوں نے کہا،’’ 25 برسوں سے شری بابا کاشی وشوناتھ سیوا سمیتی اس اصول کی عملی مثال ہے کہ سچی عقیدت بے لوث خدمت کے ذریعے ظاہر ہوتا ہے۔‘‘لیفٹیننٹ گورنر نے مزید کہا،’’آج کے دور میں روحانی شعور ہمدردی اور رحم دِلی کے ذریعے ضروری توازن فراہم کرتا ہے۔ روحانی خوشحالی ایسے شہری پیدا کرتی ہے جو اَقدار پر مبنی ہوں اور یہ ایک مضبوط معاشرے اوردیرپا قوم کی بنیاد بنتے ہیں۔‘‘اُنہوں نے کہا کہ بلند پہاڑوں، سخت موسم اور جسمانی مشکلات کے دوران بابا برفانی کے بھکتوں کی خدمت کرنا محض تنظیمی کام نہیں ہے بلکہ یہ ایک روحانی تربیت ہے۔
لیفٹیننٹ گورنر نے کہا،’’چندن واڑی کے رضاکار رُکاوٹوں کو دور کر کے انسانی ہمدردی پر مبنی رشتے قائم کر رہے ہیں۔ ہر بار جب کوئی رضاکار بغیر کہے مدد کے لئے آگے بڑھتا ہے تو وہ ہماری قوم کی روحانی بنیاد کو مزید مضبوط کرتا ہے۔‘‘اُنہوںنے صدر شری بابا کاشی وشوناتھ سیوا سمیتی شری دلیپ سنگھ، تمام آفیشلز اور رضاکاروں کو خدمت کو طرزِ زندگی بنانے پرمُبارک باد دِی۔لیفٹیننٹ گورنرنے کہا،’’آئیے! ہم عہد کریں کہ خدمت کو اپنی روزمرہ زندگی کا حصہ بنائیں، اپنے روحانی عقائد کو عملی شکل دیں اور مل جل کر ایک ایسا معاشرہ تشکیل دیں جو مہربانی، باہمی تعاون اور پُرامن بقائے باہمی کی بنیادوں پر قائم ہو۔‘‘










