لیفٹیننٹ گورنر نے ’نشہ مُکت جموں وکشمیر ابھیان‘ کے تحت 100روزہ مہم کی تیاری کا جائزہ لیا

لیفٹیننٹ گورنر نے ’نشہ مُکت جموں وکشمیر ابھیان‘ کے تحت 100روزہ مہم کی تیاری کا جائزہ لیا

جموں// لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا نے جمعرات کے روز ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کی صدارت کی جس میں ’نشہ مُکت جموں و کشمیر ابھیان‘ کے تحت آنے والی 100 روزہ مہم کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔اِس مہم کامقصد یونین ٹیریٹری سے منشیات کے اِستعمال کو ختم کرنا ہے جس میں اعلیٰ اثرات والے بیداری پروگراموں کا ایک سلسلہ ہوگا۔ لیفٹیننٹ گورنر 11؍اپریل 2026ء کو ایم اے سٹیڈیم جموں سے ایک میگا’’پدیاترا‘‘ کو جھنڈی دِکھاکر روانہ کریں گے جس کے بعد مئی کے پہلے ہفتے کے دوران سری نگر میں اِسی نوعیت کا ایک اور بڑے پیمانے پر پروگرام منعقد کیا جائے گا۔لیفٹیننٹ گورنر نے طالب علموں اور نوجوانوں، این سی سی، این ایس ایس، سکاؤٹس اینڈ گائیڈز، رضاکاروں، سول سوسائٹی تنظیموں، سیاسی جماعتوں، عوامی نمائندوں اورعام لوگوں کی بھرپور شرکت پر زور دیا تاکہ زیادہ سے زیادہ رَسائی اور بیداری پیدا کی جا سکے۔اُنہوںنے کہا ،’’یونین ٹیریٹری میں منشیات کی آمد ایک بڑی بین الاقوامی سازش کا حصہ ہے جس کا مقصد جموں و کشمیر کے نوجوانوں کے مستقبل کو نقصان پہنچانا ہے۔ معاشرے کے ہر طبقے کو منشیات کے اس ناسور کے خلاف اس جنگ میں شامل ہونا چاہیے۔‘‘
لیفٹیننٹ گورنر نے منشیات کی سمگلنگ کے نیٹ ورکس کو ختم کرنے کے لئے مسلسل اور بھرپورمہم چلانے کی ہدایت دی۔اُنہوں نے کہا،’’ ’بے گناہوں کو نہ چھیڑو اور مجرم کو نہ چھوڑو‘ہماری پالیسی ہے۔ ہمیں منشیات کے عادی اَفراد میں حقیقی متاثرین کی نشاندہی کرنی چاہیے اور ان کی بحالی کے لئے مخلصانہ اور پُر عزم کوششیں کرنی ہوں گی۔‘‘میٹنگ میں ’نشہ مُکت ابھیان‘کے تحت مجوزہ سرگرمیوں کے سلسلے اور مختلف محکموں کے لئے تیار کردہ سرگرمیوں کے کیلنڈر پر بھی غور وخوض کیا گیا۔ مؤثر عمل درآمد کے لئے آئی اِی سی مہم اور ایکشن پلان کے تحت یونین ٹیریٹری اور ڈویژن سطح کی کمیٹیاں پہلے ہی تشکیل دی جا چکی ہیں۔لیفٹیننٹ گورنر نے مزید ہدایت دی کہ لوگوں کی فعال شرکت کے ساتھ اس مہم کو عوامی تحریک یعنی جن آندولن بنایا جائے ۔ اُنہوں نے عوامی تجاویز کو شامل کرنے اور فیڈبیک کے نظام کو بہتر بنانے پر بھی زور دیا تاکہ اِس مہم کو مزید مؤثر بنایا جا سکے۔ اُنہوں نے کہا کہ عام لوگوں کو بھی منشیات کے غلط اِستعمال اور خطرات سے باخبر کرنا چاہیئے۔میٹنگ میں چیف سیکرٹری اَتل ڈولو، سپیشل ڈِی جی (کوآرڈی نیشن) ایس جے ایم گیلانی، پرنسپل سیکرٹری داخلہ چندرکر بھارتی، لیفٹیننٹ گورنر کے پرنسپل سیکرٹری ڈاکٹر مندیپ کے بھنڈاری، کمشنر سیکرٹری محکمہ سماجی بہبود سرمد حفیظ، صوبائی کمشنر جموں رمیش کمار، آئی جی پی جموں بھیم سین توتی، آئی جی پی کشمیر وِی کے بردی، ڈِی آئی جیز، ڈپٹی کمشنروں ایس ایس پیز اور دیگر سینئر اِفسران نے شرکت کی۔