لیفٹیننٹ گورنر نے شوپیاں میں خواتین کے ووکیشنل ٹریننگ کورس کی اِختتامی تقریب میں شرکت کی

لیفٹیننٹ گورنر نے شوپیاں میں خواتین کے ووکیشنل ٹریننگ کورس کی اِختتامی تقریب میں شرکت کی

سری نگر//لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا نے آرمی گْڈ وِل سکول بالا پور شوپیاں میں خواتین کے ووکیشنل ٹریننگ کورس کی اِختتامی تقریب میں شرکت کی۔ اِس موقعہ پراُنہوں نے اُن خواتین کو مُبارک باد دی جنہوں نے نہ صرف شوپیاں میں پیشہ ورانہ تربیت مکمل کی بلکہ پلوامہ، کولگام، بڈگام، اننت ناگ اور پانپور کے پانچ دیگر اَنٹرپرینیور شپ لائیولی ہڈ مراکز میں بھی تربیت حاصل کی۔لیفٹیننٹ گورنر نے ڈاکٹر بھیم راؤ امبیڈکر وکاس ایوم سیوا سنستھان، پروجیکٹ توہا سوشل اور ہندوستانی فوج کی خواتین کو بااِختیار بنانے کے اس شاندار اقدام کو سراہا جس کے تحت 1,481 خواتین کو پیشہ ورانہ اور زِندگی کے عملی ہنر سکھائے گئے جن میں سے 125 خواتین نے حالیہ تربیتی کورس مکمل کیا۔اُنہوں نے بابا صاحب ڈاکٹر بھیم راؤ امبیڈکر کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ خواتین کے حقوق اور بااِختیاری کے علمبردار تھے اور اُن کی بے لوث خدمت، مساوات اور سماجی اِنصاف کی اَقدار آج بھی قوم کی رہنمائی کرتی ہیں۔منوج سِنہا نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں جموں و کشمیر میں خواتین کو بااِختیار بنانا ایک عوامی تحریک بن چکی ہے۔اُنہوںنے کہا، ’’خواتین کی سماجی اور معاشی ترقی ہماری اوّلین ترجیح رہی ہے۔ میں پُر اُمید ہوں کہ خواتین کی قیادت میں ترقی ہمیں دہشت گردی، منشیات کی لت اور دیگر سماجی برائیوں پر قابو پانے میں مدد دے گی اور ایک پُرامن و خوشحال جموں و کشمیر کی تعمیر ممکن ہوگی۔‘‘


لیفٹیننٹ گورنر نے شرکأ کی تربیت مکمل کرنے اور اَپنے کاروبار شروع کرنے کے بعدسالانہ فالو اَپ پر زوردیا۔اُنہوں نے بالخصوص دیہی علاقوں میں مرد و خواتین کاروباری اَفراد کے درمیان فرق کم کرنے اور خواتین کو اَپنے کاروبار کو فروغ دینے کی ترغیب دینے کی اہمیت کو اُجاگر کیا۔اُنہوں نے کہا، ’’ہمیں خواتین کی فطری صلاحیتوں اور بے مثال خدمات کو تسلیم کرنا اور ان کی قیادت کو فروغ دینے کی مسلسل کوشش کرنی چاہیے تاکہ وہ ہر شعبے میں کامیاب ہو کر دوسروں کے لئے مشعل راہ بن سکیں۔‘‘لیفٹیننٹ گورنر نے ہندوستانی فوج کی کمیونٹی انگیج منٹ اور ترقیاتی پروگراموں کی بھی سراہناکی۔ اُنہوں نے کہا کہ ہندوستانی فوج نہ صرف ملک کی یکجہتی اور سا لمیت کو یقینی بنا رہی ہے بلکہ معاشرے میں مثبت تبدیلی لانے کے نیک کاموں میں بھی مصروف عمل ہے۔تقریب میں کور کمانڈر 15کور لیفٹیننٹ جنرل پرشانت شری واستو، جی او سی وکٹر فورس میجر جنرل دھننجے جوشی،صوبائی کمشنر کشمیر وِجے کمار بدھوری، ڈِی آئی جی جنوبی کشمیر رینج جاوید اِقبال متو، ضلع ترقیاتی کمشنر شوپیاں ششیر گپتا، پولیس، سول اِنتظامیہ اور فوج کے سینئر اَفسران، ڈاکٹر امبیڈکر وکاس ایوم سیوا سنستھان کے اراکین اور بڑی تعداد میں نوجوان موجود تھے۔