لیفٹیننٹ گورنر نے سی آر پی ایف ٹی 20 کرکٹ کپ 2023ء کے فاتح ، رَنر اَپ اور دیگر کھلاڑیوں کو مُبارک باد دی

سری نگر// لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہانے سی آر پی ایف ٹی 20 کرکٹ کپ 2023 ء کی اِختتامی تقریب میں شرکت کی اور ٹورنامنٹ کے فاتح، رَنر اپ اور دیگر کھلاڑیوں کو مُبارک باد پیش کی۔ لیفٹیننٹ گورنر نے اَپنے خطاب میں سی آر پی ایف سری نگر سیکٹر کے اَفسروں اور گاندربل، بڈگام اور سری نگر کے تمام حصہ لینے والے کھلاڑیوں اور ٹیموں کو مبارکباد دی۔اُنہوں نے کہا کہ سی آر پی ایف نے ہمیشہ ’’خدمت اور وفاداری‘‘کے اپنے نصب العین پر عمل کیا ہے اور 1949ء میں اَپنے قیام کے بعد ہی ’’نیشن فرسٹ‘‘کے واحد ویژن کے ساتھ اَپنی صلاحیتوںکا لوہا منوایا ہے ۔ اُنہوں نے کشمیر کے نوجوانوں کو شامل کرنے اور نوجوان پود میں اَمن، خوشحالی اور اخلاقی قیادت کی تعمیر کا نیا ماحول پیدا کرنے کیلئے سی آر پی ایف کی کوششوں کو سراہا ہے۔لیفٹیننٹ گورنرنے مزید سازگار ماحول قائم کرنے اور مختلف کھیلوں کے شعبوں میں جموں و کشمیر کے اُبھرتے ہوئے کھیلوں کے ٹیلنٹ کو فروغ دینے کی خاطر پلیٹ فارم فراہم کرنے کے لئے مشترکہ کوششوں پر زور دیا۔اُنہوں نے کہا کہ جموںوکشمیر یوٹی کے نوجوان ہماری سب سے قیمتی دولت ہیں۔ مختلف کھیلوں میں مقابلہ کرنے کا موقع انہیں نئی اُمید،زندگی میں آگے بڑھنے کے لئے صحیح مہارت، ہر شعبے میں کامیابی حاصل کرنے کی ہمت اور بچوں کے لئے رول ماڈل بننے کے قابل بنائے گا۔ فائنل ایم ایل اے جم خانہ کلب بڈگام اور کشمیر ٹائیگرز لال چوک کے درمیان کھیلا گیا۔اِس موقعہ پر میئر ایس ایم سی جنید عظیم متو، چیئرمین ڈی ڈی سی سری نگر آفتاب ملک،چیئرمین ڈی ڈی سی بڈگام نذیر احمد خان، لیفٹیننٹ گورنر کے مشیرراجیو رائے بھٹناگر، اے ڈی جی سی آر پی ایف نلین پربھات، سول اِنتظامیہ، پولیس اور سی آر پی ایف کے اعلیٰ افسران، کھیل شائقین اور نوجوان بڑی تعداد میں موجود تھے۔