ہمارا بنیادی مقصدترقی یافتہ بھارت کیلئے مسلسل 5 فیصد سالانہ شرح نمو حاصل کرنا ہونا چاہئیے ۔لفٹینٹ گورنر
سرینگر//لفٹینٹ گورنر مسٹر منوج سنہا نے کہا ’’ ہمیں زراعت اور متعلقہ شعبوں میں تیزی سے آگے بڑھنا ہو گا تا کہ بھارت کی ترقی کو توانائی دی جا سکے ‘‘۔ انہوں نے کہا کہ ترقی یافتہ بھارت کی تعمیر کیلئے ہمارا بنیادی مقصد مسلسل 5 فیصد سالانہ شرح نمو حاصل کرنا ہونا چاہئیے ۔ لفٹینٹ گورنر نے زرعی تعلیم میں تبدیلی پیدا کرنے کی ضرورت پر زور دیا تا کہ مستقبل میں پائیدار طریقوں کو یقینی بنایا جا سکے ۔ لفٹینٹ گورنر نے کہا’’ تعلیمی اداروں جیسے سکاسٹ کو اسٹریٹجک منصوبہ بندی کے ساتھ کسانوں کی پیداواریت اور آمدنی بڑھانے کیلئے کاشتکاری اور اعلیٰ قدر والی فصلوں میں تنوع کیلئے اے آئی تکنیک پر توجہ دینی چاہئیے‘‘ ۔ لفٹینٹ گورنر سکاسٹ کشمیر کے ’ دیکشارمبھ‘ طلبہ کے استقبالیہ پروگرام ، جو ’’ انیکتا میں ایکتا دیوس ‘‘ کے عنوان سے منعقد ہوا ، میں خطاب کر رہے تھے ۔ یہ پروگرام سردار ولبھ بھائی پٹیل کی 150 ویں سالگرہ کی یاد میں منعقد کیا گیا تھا ۔ اپنے خطاب میں انہوں نے سکاسٹ کشمیر کی تعلیمی کامیابیوں کی تعریف کی اور اس کی مجموعی رینکنگ اور ملک بھر کی ریاستوں اور مرکزی علاقوں سے طلبہ کو اپنی طرف کھینچنے پر خوشی کا اظہار کیا ۔ فٹینٹ گورنر نے کہا ’’ آج ہندوستان کے آئرن مین سردار ولبھ بھائی پٹیل کی 150 ویں سالگرہ ہے اور مجھے یہ دیکھ کر بے حد خوشی ہو رہی ہے کہ اروناچل سے آندھرا پردیش ، کشمیر سے کنیا کماری ، مدھیہ پردیش سے مہاراشٹر ، تمل ناڈو سے تلنگانہ اور کیرلہ سے کرناٹک تک ہر ریاست کے نوجوانوں کی موجودگی نے اس کیمپس کو ایک ’’ منی انڈیا ‘‘ میں تبدیل کر دیا ہے ۔ گذشتہ3-4 برسوں میں سکاسٹ کشمیر میں ہونے والی تبدیلی نے ایک انقلابی تبدیلی لائی ہے جس کی وجہ سے آج اس کیمپس میں ایک ’’ منی انڈیا ‘‘ نظر آ رہا ہے ۔ ‘‘ لفٹینٹ گورنر نے طلباء سے کہا ’’ آپ سردار پٹیل کے وژن کے وارث ہیں ، آپ اتحاد کے سفیر ہیں ۔ جیسے ہی ہم سردار ولبھ بھائی پٹیل کی یاد کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہیں ، آئیے ہم اپنے فرض کی بھی توثیق کریں کہ اپنے ملک کو مزید مضبوط بناتے رہیں ۔ آپ کی تعلیم صرف ڈگریوں کے بارے میں نہ ہو بلکہ لوگوں کی زندگیوں میں فرق ڈالنے کے بارے میں ہو ۔ ‘‘ لفٹینٹ گورنر نے سماجی کارکنوں اور معزز شہریوں کو معاشرے میں ان کی خدمات کے اعتراف میں خراجِ تحسین پیش کیا ۔ انہوں نے کیمپس میں کرسانتھیمم گارڈن کا بھی دورہ کیا ۔ طلباء کی ثقافتی پرفارمنسز کو لفٹینٹ گورنر کی طرف سے خاص تحسین حاصل ہوئی ۔ اس موقع پر چئیر مین ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کونسل سرینگر مسٹر آفتاب ملک ، وائس چانسلر سکاسٹ کشمیر ، پرنسپل سیکرٹری کلچر ، ڈپٹی کمشنر سرینگر ، سینئر افسران ، محکمہ جات کے سربراہان ، فیکلٹی ممبران ، عملہ اور طلباء موجود تھے ۔










